کراچی پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران ڈاکو ہلاک 4 زخمی حالت میں گرفتار

بہادر آباد، سولجر بازار اور پی آئی بی پولیس نے ڈاکوؤں سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا


Staff Reporter January 21, 2024
(فوٹو: فائل)

بہادر آباد، سولجر بازار اور پی آئی بی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈٓکو کو ہلاک اور 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق بہادر آباد پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بہادر آباد غازی صلاح الدین روڈ الخدمت پارک کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 24 سالہ سیف اللہ ولد جمیل اور 18 سالہ عبد اللہ ولد شیر ظاہر افغانی کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمان کا تیسرا ساتھی جس کا نام شیر خان معلوم ہوا ہے وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ اس سے قبل بھی ڈسٹرکٹ ایسٹ، ڈسٹرکٹ سٹی اور ویسٹ کے مختلف علاقوں میں واردات کی ہیں۔

سولجر بازار پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سولجر بازار سیور اپارٹمنٹ جمن شاہ مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت 30 سالہ اویس ولد افتخار کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کی جائے گی۔

پی آئی بی پولیس کا اتوار کی علی الصبح پی آئی بی کالونی مین بازار میں ڈٓاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو نے اپنا نام 17 سالہ ساحل بتایا، ہلاک و زخمی ہونے والے ڈٓاکوؤں سے دو پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں