نئی کمیٹی یا گورننگ بورڈ الیکشن کمشنر کے پاس2 آپشنز موجود

شاہ خاور ابھی چیئرمین نہیں بنے،ذکا کا استعفیٰ منظور ہونے کا انتظار


Saleem Khaliq January 21, 2024
عدالتی فیصلے میں الیکشن کمشنر کو ہی بی او جی تشکیل دینے کا اختیار۔ فوٹو: پی سی بی

نئی مینجمنٹ کمیٹی یا گورننگ بورڈ کی تشکیل، الیکشن کمشنر کے پاس دونوں آپشنز موجود ہوں گے۔

ذکا اشرف گذشتہ دنوں چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی پوسٹ سے مستعفی ہو گئے تھے،اب پی سی بی میں رواں ہفتے اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، الیکشن کمشنر شاہ خاور ابھی قائم مقام چیئرمین نہیں بنے،البتہ آئین کے مطابق ایسا ہی ہونا ہے،جب تک نئی مینجمنٹ کمیٹی نہیں بنتی الیکشن کمشنر ہی بورڈ کی سربراہی سنبھالتا ہے۔

ذکا اشرف نے گوکہ استعفیٰ دے دیا البتہ ابھی وزیر اعظم ہاؤس سے منظوری کا نوٹیفکیشن نہیں آیا،پیر کویہ متوقع ہے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ذکا اشرف صرف مینجمنٹ کمیٹی سے مستعفی ہوئے یا انھوں نے گورننگ بورڈ کو بھی چھوڑ دیا،اگر وہ دونوں عہدے چھوڑ چکے تو وزیر اعظم کی جانب سے گورننگ بورڈ کیلیے نئی نامزدگی بھی آنا ہوگی جو مصطفی رمدے کے ساتھ شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی کے لیے کئی نام زیرگردش

ذرائع نے مزید بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے پاس وقت کم ہے،4فروری کو وہ تحلیل ہو جائے گی لہذا ممکن ہے کہ نئی کمیٹی بن جائے، البتہ اگر لاہور ہائیکورٹ کا 15دسمبر کو سامنے آنے والا فیصلہ دیکھا جائے تو اس کے تحت الیکشن کمشنر کو ہی بورڈ آف گورنرز تشکیل دینا ہے،اس صورت میں نئی کمیٹی کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی،پیر کو ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔

دوسری جانب ذکا اشرف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنا استعفیٰ وزیر اعظم ہاؤس بھیج چکے،اگر وہاں سے ابھی منظوری نہیں آئی تو انھیں اس کا علم نہیں ہے،وہ بورڈ کی تمام ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں