آئی ٹی کمپنی کی سلور جوبلی تقریب میں کمپنی کا مالک اسٹیج پر پیش آنیوالے حادثے میں ہلاک

سنجے شاہ کی کمپنی کے دنیا بھر میں 20 دفاتر اور 2 ہزار سے زائد ملازمین ہیں

فوٹو: ایکسپریس ویب

آئی ٹی کمپنی کی سلور جوبلی سالگرہ کی تقریب میں کمپنی کا مالک اسٹیج پر پیش آنیوالے حادثے میں ہلاک ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا بیسڈ بھارتی آئی ٹی کمپنی 'وسٹیکس' کی سلور جوبلی سالگرہ کی تقریب کے موقع پراسٹیج پر پیش آنے والے افسوس ناک حادثے میں کمپنی کے سی ای او 56 سالہ سنجے شاہ ہلاک ہوگئے۔

یہ حادثہ بھارت کے شہر حیدرآباد میں راموجی فلم سٹی میں جمعرات کی شام کو پیش آیا جس میں کمپنی کے سی ای او کو دلچسپ انداز میں اسٹیج پر لانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جو بدقسمتی سے انکی موت کی وجہ بن گیا۔

سی ای او سنجے شاہ کو لوہے کے پنجرے کے ذریعے اونچائی سے اسٹیج پر اتارا جارہا تھا کہ پنجرے کو سہارا دینے والی زنجیر ٹوٹ گئی جس سے سنجے شاہ اور انکے ساتھ موجود راجو داتلا 15 فٹ کی بلندی نیچے آ گرے۔

دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سنجے شاہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ راجو کی حالت تشویشناک ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دونوں افراد کو کمپنی ملازمین کے بڑی تعداد کے سامنے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

Load Next Story