فیڈریشن کی سنگل ڈیجٹ سیلز ٹیکس تجویز قبول کرنے کا خیرمقدم

حکومت سیلزٹیکس ڈومیسٹک5،امپورٹ8،ریٹیل پر0.5 فیصد کردے تودور رس نتائج ہوں گے، زکریا عثمان


Business Reporter June 03, 2014
مہنگائی کم،اسمگلنگ وکرپشن ختم،حکومتی سیلزٹیکس آمدنی1500ارب ہوجائیگی، زکریاعثمان۔ فوٹو: این این آئی/فائل

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان نے فیڈریشن کی تجویز برائے سنگل اسٹیج ، سنگل ڈیجٹ، نان ایڈجسٹ ایبل سیلز ٹیکس کوقبول کرنے اوراس پر ایک کمیشن تشکیل دینے پر وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد دی اور کہا ہے کہ اگر حکومت سیلز ٹیکس کو ڈومیسٹک سطح پر 5فیصد اور امپورٹ اسٹیج پر 8فیصد اور ریٹیل اسٹیج پر 0.5 فیصد کرنے پر رضامند ہوجائے تو معیشت پر اس کے دور رس مثبت نتائج ہوں گے اور پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، افراط زر کم ہوگا، عام آدمی کو فائدہ ہو گا، اشیا کی قیمتیں کم ہونگی اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور اسمگلنگ کا بھی خاتمہ ہو گا۔

زکریا عثمان نے کہا کہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور ٹیکس پالیسیوں میںبنیادی اصلاحات کیے بغیر پاکستان حقیقی طو ر پر ٹیکس وصولی کی ممکنہ حد تک کبھی نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے سنگل اسٹیج، سنگل ڈیجٹ اور نان ایڈجسٹ ایبل سیلز ٹیکس کی تجو یز پر غور کرنے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے کمیشن کی تشکیل کے دانشمندانہ اور جرات مندانہ فیصلہ کو سراہا۔ زکریا عثمان نے بتایا کہ تجویز کردہ سیلز ٹیکس اسکیم کی افادیت اور نفاذ کے لیے انہوں نے فیڈریشن کے ممبران پر مشتمل اپنی ٹیم جن میں سینئر نائب صدر شو کت احمد، نائب صدر مظہر ناصر، ذیشان مرچنٹ اور شاہد احمد کے ساتھ وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے 3 ملاقاتیں کیں اوران کو باور کرایاکہ فیڈریشن اور اس کی ممبر ایسوسی ایشنز حکومت کی آمدنی بڑھانے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ سیلزٹیکس اسکیم سے حکومت کی سیلزٹیکس آمدنی 900 ارب روپے سے بڑھ کر 1500 ارب روپے تک پہنچ جائے گی اور موجودہ ٹیکس دہندگان پر کوئی نیا بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیلزٹیکس کا نظام انتہائی پیچدہ ہے جس میں سیلز ٹیکس دینے والوں کی تعداد بہت کم ہے اور اس نظام میں کرپشن کے بے انتہا مواقع ہیں جس کی وجہ سے کچھ بے ایمان لوگوں کے ساتھ ٹیکس حکام کے کچھ لوگ مل کر سیلز ٹیکس مافیا بن کر ابھر رہے ہیں، اسی لیے ہم اس بات پر زور دے رہے کہ اگر سیلزٹیکس کی شرح کو 5 فیصد پر لایا جائے تو بدعنوانی بے ایمانی اور کرپشن میں نمایاں طور پر کمی آجائے گی اور سیلز ٹیکس کا دائرہ بھی وسیع ہو گا اور حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔

فیڈریشن نے وزیر خزانہ کو اس سلسلے میںاپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور وزیر خزانہ نے بھی فیڈریشن کی تجویز کو سراہا۔ زکریا عثمان نے حکومت کو یقین دلایاہے کہ فیڈریشن حکومتی کمیشن کے ساتھ مل کر پوری لگن اور محنت سے کام کرے گا تاکہ سیلزٹیکس نیٹ اور اس کی آمدنی میں اضافہ ہو، ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہو اور بزنس کمیونٹی و عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہ پڑے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے