پی سی بی کا PSL کیلئے علی ظفر کا ترانہ لینے سے انکار

علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تین سیزن کے ترانے گائے جوکہ بےحد مقبول ہوئے


ویب ڈیسک January 22, 2024
علی ظفر نے پی ایس ایل کے تین سیزن کے ترانے گائے تھے : فوٹو : فائل

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کے منیجر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے خود اُن سے پی ایس ایل کے سیزن 9 کے ترانے کے لیے رابطہ کیا اور پھر بعد میں معذرت کرلی۔

گلوکار علی ظفر کے منیجر نے انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خود علی ظفر سے رابطہ کرکے اُنہیں پی ایس ایل 9 کا ترانہ تیار کرنے کا کہا تھا۔

علی ظفر کے منیجر کے مطابق گلوکار نے 2 ماہ تک ترانے کی تیاری جاری رکھی، اُنہوں نے اپنے ذاتی اخراجات پر میوزک پروڈیوسرز اور موسیقاروں کی خدمات حاصل کیں اور بعد میں پی سی بی کے سامنے پی ایس ایل 9 کے ترانے کے لیے تین مختلف ورژن پیش کیے۔

اُنہوں نے کہا کہ علی ظفر ان تینوں ورژنز کو حتمی شکل دینے کی تیاری ہی کررہے تھے کہ پی سی بی نے گلوکار سے کہا کہ وہ پی ایس ایل 9 کے ترانے کے لیے اُن کے ساتھ مزید کام نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں: "پی ایس ایل 9" کا ترانہ، علی ظفر کیجانب سے ووٹنگ شروع

منیجر نے مزید کہا کہ بورڈ کو پی ایس ایل کی کسی ایک فرنچائزز کی جانب سے تحفظات کا سامنا تھا جس کی وجہ سے اُنہوں نے علی ظفر کو ترانے کے پراجیکٹ سے باہر کیا۔

یاد رہے کہ علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تین سیزن کے ترانے گائے جوکہ بےحد مقبول ہوئے، اس سیزن میں بھی شائقین گلوکار کی آواز میں ہی ترانہ سُننے کے خواہشمند تھے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں