کراچی پولیس اہلکار کرمنل ریکارڈ رکھنے والوں کے ساتھ ڈکیتی میں ملوث نکلے

تفتیشی افسر نے تھانہ ٹیپو سلطان کی حدود میں آئل کے کارٹن سے بھری سوزوکی گاڑی لٹنے سے متعلق چالان جمع کرادیا

(فوٹو: فائل)

پولیس اہلکار کرمنل ریکارڈ رکھنے والوں کے ساتھ ڈکیتی میں ملوث نکلے، تفتیشی افسر نے بلوچ پل پر سوزوکی میں ڈکیتی کے مقدمے کا عبوری چالان جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں جمع کرادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ ٹیپو سلطان کی حدود میں لوڈنگ سوزوکی میں ڈکیتی سے متعلق تفتیشی افسر نے عدالت میں عبوری چالان جمع کرادیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی میں چھ افراد ملوث تھے، تین پولیس اہل کاروں اور دو سادہ لباس افراد نے سوزوکی روکی جس میں 110 آئل کے کارٹن موجود تھے، پولیس والوں نے لوڈر عبید کو گاڑی سے اتارا اور ڈرائیور کو بٹھا کر گاڑی لے گئے۔


چالان میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور عمران نے پہلے مظلوم بننے کی کوشش کی، سی ڈی آر کرایا گیا تو ڈرائیور بھی پولیس والوں کا ساتھی نکلا، مقدمہ میں 4 افراد گرفتار جبکہ 2 مفرور ہیں، گرفتار ملزمان میں غالب اور اور نوید پولیس اہلکار شامل ہیں۔

چالان کے مطابق مقدمے کے چشم دید گواہ لوڈر عبید نے پولیس اہلکاروں کو شناخت کرلیا، گرفتار ملزمان میں نادر سلطان پر پہلے سے کئی مقدمات کا اندراج ہے، تمام تر تفتیش کے بعد ملزمان پر جرم ثابت ہوتا ہے، مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں سوزوکی مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
Load Next Story