بابری مسجد کے ملبے پر رام مندر کی تعمیر اور افتتاح کی مذمت کرتے ہیں پاکستان

بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر سے ثابت ہوگیا جناح ٹھیک اور نہرو غلط تھے، وفاقی وزیر مذہبی امور

(فوٹو فائل)

پاکستان نے بھارت کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر اور افتتاح کی سختی سے مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر تعمیر ہونے والے مندر کا افتتاح مودی نے کیا، اس حوالے سے تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں معروف شخصیات، فنکاروں نے شرکت کی۔

نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ بابری مسجد کے ملبے پر مندر بنانے کی جتنی مذمّت کی جائے وہ کم ہے، مذہبی جنونیت ہندوستان کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ 'گجرات کے قصائی کا وزیراعظم بننا بھارت میں جمہوریت کے دعوے کا پول کھول دیتا ہے، رام مندر کی تعمیر اور افتتاح سے جہاں ہمارے دل دکھے ہیں وہاں یہ بات بھی کہنا اہم ہے کہ آج کا ہندوستان اس بات کا ثبوت ہے کے جناح درست اور نہرو غلط تھے'۔

انیق احمد نے کہا کہ 'مودی ایشیائی خطّے کا نیتن یاہو ہے، جس کے اقدامات خود اُس کی شخصیت اور ذہنی مذہبی جنونیت کی عکاسی کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں ہندوستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر کے افتتاح کا نوٹس لے، یہ اقدام نازی سوچ کی کڑی ہے'۔

 
Load Next Story