جامشورو گاؤں میں گھسنے والا تیندوا ہلاک محکمہ وائلڈ لائف نے نوٹس لے لیا

مارے گئے تیندوے کو کراچی منتقل کردیا جائے اور ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ڈپٹی کنزرویٹووائلڈ لائف سندھ


ویب ڈیسک January 23, 2024
فوٹو : ایکسپریس نیوز

جبل کے علاقے کامبوہ میں گھسنے والے تیندوے کو گاؤں والوں نے ماردیا جبکہ محکمہ وائلڈ لائف سندھ نے اس کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق جامشوروجبل کے قریب واقع گاؤں کامبوہ میں ایک تیندوا خوراک کی تلاش میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو کھیت،کھلیان میں داخل ہوا اور گاؤں والوں کے مطابق بھیڑ، بکریوں سمیت دیگر پالتوجانوروں پرحملہ آورہوا۔

ڈپٹی کنزرویٹر سندھ وائلڈلائف ممتازسومروکے مطابق محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم مذکورہ علاقے میں پہنچ کر تیندوے کی ہلاکت پرتحقیقات شروع کر دی ہے اور مارا جانے والا تیندوا کراچی منتقل کردیا جائےگا۔

بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ کیرتھر نیشنل پارک میں تیندوے کو گھات لگا کر مارنے کے افسوس ناک واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قوانین تحفظ جنگلی حیات سندھ کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا اور تیندوےکی باڈی رسمی عدالتی کارروائی کے بعد تحقیق و حنوط کےلیے کراچی منتقل کی جارہی ہے۔

ورلڈ وائلڈ لائف (ڈبلیوڈبلیو ایف) کے تیکنیکی مشیر معظم خان کا کہنا تھا کہ مارا جانے والاتیندوا کامن لیپرڈ ہے، جس کی نسل شدید خطرے سے دوچار ہے، ایک وقت تھا کہ اس نسل کے تیندوے کراچی میں بھی پائے جاتے تھے، مگر جنگلات کے خاتمے کے بعد ان کا مسکن بلوچستان اور ملک کے دیگر پہاڑی علاقے بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جامشوروکا علاقہ نیشنل پارک کا حصہ ہے، جہاں تیندوے کا ماراجانا انتہائی افسوس ناک ہے۔

واضح رہے کہ جامشورو جبل کا علاقہ کامبوہ کا پہاڑی سلسلہ سندھ اوربلوچستان کےدرمیان پھیلا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں