الیکشن کی کوریج کیلیے 49 غیرملکی صحافیوں کو ویزوں کا اجرا بھارت کی درخواست پر غور جاری
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کو الیکشن کی کوریج کے لئے 32 درخواستیں موصول ہوئیں ہیں، نگراں وزیر اطلاعات
نگراں وفاقی حکومت نے 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کی کوریج کے لیے 49 غیر ملکی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کو ویزے جاری کردیے جبکہ 32 بھارتی صحافیوں اور چینلز کی درخواستوں پر غور جاری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 'انتخابات کی کوریج کے لئے متعدد بین الاقوامی صحافیوں نے ویزوں کی درخواستیں دیں، اب تک 49 ویزے (اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے لئے) جاری کئے گئے ہیں اور 32 درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ دنیا کے مختلف حصوں سے اب بھی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کو الیکشن کی کوریج کے لئے 32 درخواستیں موصول ہوئیں جن پر کارروائی جاری ہے کیونکہ انڈیا میں ویزا جاری کرنے کے لئے مینوئل سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی ایکریڈیٹیشن کارڈز کے حصول کے لئے پاکستان میں مقیم غیر ملکی میڈیا نمائندوں اور ان سے منسلک پاکستانی اسٹاف کی جانب سے اب تک 174 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عالمی مبصرین کی کیٹیگری کے تحت برطانیہ سے 25، روس سے 8، جاپان سے 13، جنوبی افریقہ سے 2 جبکہ دولت مشترکہ سے 5 درخواستیں موصول ہوئیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے مقامی میڈیا ہاﺅسز کو ایکریڈیٹیشن کارڈز بھی جاری کئے جا رہے ہیں، اب تک 6065 صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے گئے جن میں لاہور سے 1200، کراچی سے 1470، پشاور سے 1050، کوئٹہ سے 600، حیدر آباد سے 355، فیصل آباد سے 250 اور ملتان سے 290 صحافی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بین الاقوامی صحافی اسلام آباد، لاہور یا کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں کوریج کے لئے جانا چاہیں، ان کی درخواستوں کا متعلقہ وزارتوں کی مشاورت سے کیس ٹو کیس جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کوریج کے لئے ویزوں کے حصول کی درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 20 جنوری تھی لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وزارت اطلاعات کے متعلقہ اداروں کو اب بھی ویزا کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جن پر کیس ٹو کیس کارروائی کی جائے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان نے کہا کہ انتخابات کی کوریج کے لئے 14 ممالک سے ویزوں کی درخواستیں موصول ہوئیں، مجموعی طور پر 81 غیر ملکی صحافیوں نے ویزوں کے لئے درخواستیں دیں جن میں سے 49 ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ دیگر پر کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔ انتخابات کیلئے عالمی مبصرین کی تعداد 55 ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ الیکشن کی کوریج کے لئے میڈیا سیل قائم کرے گا جہاں میڈیا کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ صحافیوں کی سہولت کے لئے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ میں بھی الیکشن سیل 24 گھنٹے کام کرے گا۔