ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت اور ملائیشیا کو لگاتار دوسری شکست

آسٹریلیا نے اپنے دوسرے مقابلے میں اسپین کو 3 کے مقابلے میں صفر سے چاروں شانے چت کردیا

ویمنز میں آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے اپنے میچز جیت لیے۔ فوٹو: فائل

ہالینڈ میں جاری تیرہویں مینز ہاکی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا فتوحات کی شاہراہ پر گامزن ہے جب کہ بھارت اور ملائیشیا کو لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آسٹریلیا نے اپنے دوسرے مقابلے میں اسپین کو 3 کے مقابلے میں صفر سے چاروں شانے چت کردیا جب کہ دونوں ایشین ممالک ملائیشیا اور بھارت کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، بیلجیئم نے ملائیشیا کو 6-2 سے اپنا شکار بنایا اور انگلینڈ نے بھارت پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا۔


ویمنز میں آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے اپنے میچز جیت لیے۔ پول ' اے ' کے دوسرے مرحلے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے اسپین کو 3-0 سے ٹھکانے لگایا، کھیل کے دوسرے منٹ میں ڈیوین نے گول کرکے کھاتہ کھولا، 8 منٹ بعد نولز نے بھی گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔ 33ویں منٹ میں گوورز نے حریف گول کیپر کو چکمہ دیا، دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے بھارت کو 2-0 سے مات دی، گلیگ ہورن نے 27ویں منٹ میں فاتح ٹیم کا پہلا گول بنایا،70ویں منٹ میں مینٹال نے دوسرا گول داغا، تیسرے میچ میں بیلیجئیم نے ملائیشیا کو 6-2 سے تختہ مشق بنایا، غیرمتوقع طور پر ایشین سائیڈ نے کھیل کے پانچویں منٹ میں رحیم کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔

بون نے 14 ویں منٹ میں جوابی گول بناکر ٹیم کو خسارے سے باہر نکال لیا، رحیم نے اگلے ہی منٹ میں ملائیشیا کے لیے دوسرا گول بنایا لیکن اس کے بعد یورپی ٹیم کھیل پر مکمل طور پر چھاگئی، بون نے مزید تین گول داغ کر میچ میں اپنا اسکور 4 کیا، کوسینز اور ڈومین نے بھی ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کے سپرد کیا۔ دوسری جانب آسٹریلوی خواتین نے بھی کامیابیوں کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے جاپان پر 3-2 سے غلبہ پالیا، دن کے دوسرے مقابلے میں جنوبی کوریا نے نیوزی لینڈ کو 1-0 سے ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story