شادی کا اسٹائل کاپی اقرا عزیز کا صبور علی کے الزام پر ردعمل

"منت مراد" میں اقرا عزیز نے شادی کے سین کے لیے ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا وہی جوڑا پہنا جو صبور نے اپنی شادی پر پہنا تھا


ویب ڈیسک January 24, 2024
اقرا عزیز نے اپنے ڈرامے میں صبور علی کا اسٹائل کاپی کیا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اقرا عزیز نے مقبول ڈراما سیریل ''منت مراد'' میں صبور علی کی شادی کا جوڑا کاپی کرنے پر وضاحت پیش کردی۔

اقرا عزیز اور اداکار طلحہ چہور کا نجی ٹی وی چینل سے ڈراما سیریل "منت مراد" نشر ہوا تھا، اس ڈرامے کی ایک قسط میں منت اور مراد کی شادی کے مناظر دکھائے گئے تھے۔

منت اور مراد کی شادی دیکھ کر جہاں ڈرامے کے مداح خوش ہوئے تو وہیں صبور علی ناراض ہوگئی تھیں کیونکہ اس ڈرامے میں شادی کی مکمل تھیم کو صبور علی اور علی انصاری کی اصل شادی سے کاپی کیا گیا تھا۔

صبور علی نے کہا تھا کہ "میں یہ سب دیکھ کر کیسا محسوس کروں؟ میری زندگی کی حسین یادیں، میرے یادگار اور قیمتی لمحات، میرے جذبات اور میری زندگی کا سب سے اہم اور خاص دن کا میرا لباس اور میری جیولری سے لیکر میرے میک اپ تک کو ڈرامے میں کاپی کیا گیا ہے"۔

اداکارہ کے شکوے پر ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا بیان بھی سامنے آگیا تھا جنہوں نے اُن کی شادی کا جوڑا اور ڈراما سیریل "منت مراد" میں اقرا عزیز کا جوڑا تیار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: میری شادی کا جوڑا کاپی کیوں کیا؟ صبور علی ناراض

فائزہ ثقلین نے کہا تھا کہ "میں صبور کے جذبات کو سمجھ سکتی ہوں کیونکہ ہر لڑکی کو اپنی شادی کے جوڑے سے خاص لگاوْ ہوتا ہے لیکن اگر کوئی دلہن اپنے جوڑے کے لیے ہمیں رنگوں اور ڈیزائن سے متعلق کچھ تجویز کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ڈیزائن اُس دلہن کا ہوگیا اور نہ ہی اس کا مطلب یہ ہے کہ اُس لباس کے کاپی رائٹس دلہن کے پاس ہوں گے"۔

اب اقرا عزیز نے بھی صبور علی کے الزام پر اپنا بیان جاری کردیا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ "میں نے ڈراما سیریل 'منت مراد' میں جو جوڑا زیب تن کیا تھا وہ صبور علی کا نہیں بلکہ ڈیزائنر کا تیار کردہ جوڑا تھا جس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی گئی تھیں"۔

اقرا عزیز نے کہا کہ "مجھے صبور علی کی شادی کا اسٹائل اور میک اپ بہت پسند آیا تھا، میں اُن کے لُکس سے کافی متاثر ہوئی تھی اور میری خواہش تھی کہ میں اپنے ڈرامے میں صبور علی کی طرح نظر آؤں"۔

مزید پڑھیں: شادی کا لباس کاپی تنازع، ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا صبور علی کو کرارا جواب

اداکارہ نے کہا کہ "چوں کہ میں نے صبور علی کو ہو بہو کاپی نہیں کیا تھا تو اس لیے میں نے اُنہیں بتانے اور اجازت لینے کی ضرورت محسوس نہیں کی"۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ "اگر میں صبور علی کو ہوبہو کاپی کرتی تو اُنہیں پہلے ہی آگاہ کردیتی لیکن مجھے اُنہیں بتانا مناسب نہیں لگا اور دو دن کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ اس جوڑے اور اسٹائل کی وجہ سے ہنگامہ برپا ہوچکا ہے"۔




واضح رہے کہ صبور علی نے اپنی شادی کے دن معروف ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا تیار کردہ کامدانی عروسی لباس زیب تن کیا تھا جس کے ساتھ اُنہوں نے روایتی سفید اور گولڈ جیولری کا انتخاب کیا تھا۔

علی انصاری اور صبور کی شادی کی تھیم کے لیے سفید رنگ کے پھولوں کا انتخاب کیا گیا تھا اور اسٹیج پر اُردو زبان میں صبور علی اور علی انصاری کا نام درج تھا۔

ڈراما سیریل "منت مراد" میں اقرا عزیز نے شادی کے سین کے لیے ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا وہی جوڑا پہنا جو صبور نے اپنی شادی پر پہنا تھا جبکہ شادی کی مکمل تھیم بھی وہی تھی جو علی انصاری اور صبور علی کی شادی کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔