بلدیہ عظمیٰ میونسپل یوٹیلیٹی بل پر ملازمین کو ریلیف دینے کا فیصلہ

کے ایم سی اورکے ڈی اے کے ملازمین جن کی مدت ملازمت 5سال ہوچکی ہے وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں گے


Staff Reporter June 03, 2014
بلدیاتی ملازمین 50 فیصد ریلیف حاصل کرسکیں گے،رؤف اختر فاروقی نے تجویز کی قرارداد کے ذریعے منظوری دیدی فوٹو : فائل

ایڈمنسٹریٹرکراچی رؤف اخترفاروقی نے میونسپل یوٹیلیٹی چارجزبل پربلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی، کے ڈی اے ) کے ملازمین کے لیے50 فیصدریلیف دینے کی منظوری دیدی ہے۔

سینئر ڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی سروسزفضیل بخاری کی تجویز پرمیونسپل یوٹیلیٹی چارجزبل میں ریبیٹ کی سہولت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ان ملازمین کو حاصل ہوگی جو کے ایم سی اور کے ڈی اے کے مستقل ملازم ہوں اور جن کی مدت ملازمت کم ازکم 5 سال مکمل ہوچکی ہو،ان افرادکو بھی یہ سہولت حاصل ہوگی جوایڈمنسٹریٹرکراچی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہوں یہ سہولت صرف رہائشی جائیداد پر دی جائے گی جو کے ایم سی اور کے ڈی اے ( کالعدم) کی رہائشی زمین پر تعمیر کی گئی ہو اور وہ جائیداد اسی ملازم کے نام ہونا ضروری ہے یا ملازم کی اہلیہ، والد یا والدہ کے نام ہو۔

ملازم کو اس کا دستاویزی ثبوت پیش کرناہوگا، سینئر ڈائریکٹر فضیل بخاری نے تجویز میں کہاتھا کہ پبلک یوٹیلیٹی فراہم کرنے والے متعدد ادارے اپنے ملازمین کو ریبیٹ کی صورت میں ریلیف فراہم کرتے ہیں جیسے کے ای ایس سی، واٹر بورڈ، سوئی سدرن گیس، ہاؤس بلڈنگ کارپوریشن وغیرہ مگر بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کواس یوٹیلیٹی بل میں کسی قسم کی سہولت نہیں ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ریبیٹ ، ریلیف فراہم کرنے کی اجازت دیتاہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کونسل کے حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس تجویز کی قرارداد کے ذریعے منظوری دیدی ہے اور اب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین یوٹیلیٹی چارجز بل پر 50 فیصد ریلیف حاصل کرسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں