بلا اہم نہیں لوگ بانی پی ٹی آئی کو جانتے ہیں رکنِ الیکشن کمیشن
عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت وکلا کا مؤقف سننے کے بعد ملتوی
عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران رکنِ کمیشن کے پی نے ریمارکس دیے ہیں کہ بلا اہم نہیں، لوگ بانی پی ٹی آئی کو جانتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے رکنِ سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، جس میں وکیل شعیب شاہین اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔
وکیل شعیب شاہین نے کمیشن کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ آپ کے حکم کے مطابق حاضری لگانے آ گیا ہوں۔ میری درخواست ہے کہ سماعت ملتوی کردی جائے۔ گواہان کے بیانات اور شواہد ریکارڈ ہونے ہیں۔ 8 فروری کے بعد سماعت رکھ لیں۔ انتخابات تک کمیشن بھی مصروف ہے۔ تاثر جا رہا ہے کہ کمیشن ایک جماعت کے خلاف ہے، جس پر ممبر کے پی کے نے جواب دیا کہ ہم پارٹی نہیں ہیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ مختلف جگہوں پر دفعہ 144 لگا دی گئی ہے۔ جلسے جلوس نہیں کرنے دہیے جا رہے ہیں۔ انتخابات 5 سال بعد آتے ہیں۔ تحریک انصاف کا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا، جس پر ممبر کے پی کے نے ریمارکس دیے کہ بلے کے بغیر بھی الیکشن لڑا جا سکتا ہے۔ شعیب شاہین نے کہا کہ عوام کو یہ بات کیسے سمجھائیں۔ الیکشن کمیشن کے ممبر کے پی کے نے جواب دیا کہ شعیب صاحب آپ کے ہر پوسٹر پر بانی پی ٹی آئی کی تصاویر لگی ہیں۔ بلا اہم نہیں، لوگ بانی پی ٹی آئی کو جانتے ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔
فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کیس کی سماعت
دریں اثنا فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی، جس میں وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ آج تک فواد چوہدری کی جانب سے شوکاز نوٹس پر جواب جمع نہیں کرایا گیا، جس پر فیصل چوہدری نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے 21 فروری تک مہلت دے دی۔
بعد ازاں کمیشن نے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔