الیکشن ڈیوٹیز کے باعث کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات معطل ہونے کا خدشہ

سول، عباسی اسپتال اور کے آئی ایچ ڈی کے طبی و غیر طبی عملے کی الیکشن ٹریننگ کیوجہ سے بھی سہولیات میں خلل آرہا ہے


Staff Reporter January 24, 2024
فوٹو فائل

شہر قائد میں قائم سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی و غیر طبی عملے کی الیکشن میں ڈیوٹیاں لگادی گئیں ہیں،جس کے باعث الیکشن والے دن سرکاری اسپتال میں طبی سہولیات معطل ہونے کے خدشات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محکمہ صحت سندھ اور بلدیہ عظمٰی کراچی کے ماتحت اسپتالوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس، ڈپٹی ڈائریکٹر، فارماسسٹ، آفس سپرنٹنڈنٹ،میڈیکل آفیسرز،ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر(آر ایم او) ،نرسنگ اسٹاف ،کمپیوٹر آپریٹر ، ٹیکنیشنز، ہیڈ کلرک اور کلرک کو الیکشن ڈیوٹیوں کے لیئے طلب کرلیا گیا ہے۔

ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ (سول) اسپتال کراچی کی تقریبًا 300 نرسز،100 ڈاکٹرز اور مختلف شعبہ جات کے 50 سے زائد افراد کو پریزائیڈنگ آفیسر،اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر، سنیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر اور پولنگ آفیسر سمیت دیگر اسٹاف کے طور پر ٹریننگ دی جارہی ہے۔

بلدیہ عظمٰی کراچی کے ماتحت عباسی شہید اسپتال کے آر ایم اوز، سینیئر رجسٹرار ،میڈیکل آفیسر ،کمپیوٹر آپریٹر اور سینیئر نرس سمیت 174 افراد کو الیکشن کے دوران ضلع کیماڑی میں ڈیوٹی کے فرائض انجام دینے کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ ضلع غربی میں ڈیوٹی دینے کے لیئے بھی عباسی شہید اسپتال کے 574 افراد کو طلب کیا گیا ہے،جس کے سبب الیکشن کے دن عباشی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کے علاج و معالجے میں شدید خلل پیدا ہوسکتا ہے۔

کے ایم سی کے زیر اتنظام امراض قلب کے اسپتال سب سے بڑے اسپتال کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (کے آئی ایچ ڈی) میں بھی حکام و انتظامیہ عملے کی کمی کے سبب پہلے سی ہی پریشانی کا سامنا تھا مگر ای سی پی کی جانب سے اسپتال کے آفس اسسٹنٹس، لیب اور او ٹی ٹیکنیشنز،کلرکس، ریسپشنسٹ اور نرسوں کی ڈیوٹیاں بھی لگادیں گئیں ہیں۔

اس سلسلے میں کے آئی ایچ ڈی کے عملے کو ٹریننگ کے لیئے غنی خورنگی کے قریب قائم گورنمنٹ ٹیکنیشن کالج (جی سی ٹی) میں بلایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق روزانہ الیکشن ڈیوٹی کے سلسلے میں اسپتال کا نظام متاثر ہورہا ہے کیونکہ کراچی کے اسپتالوں میں پہلے سے ہی عملے کی کمی ہے،جس کے سبب بہت محتاط طریقے سے اسپتال کا نظام جاری رکھا جارہا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن ڈیوٹیوں کی ٹریننگ کے سبب سربراہان پریشانی میں مبتلا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں الیکشن کے دن اسپتال طبی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر بھی ہوسکتے ہیں۔

جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے بتایا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر(جے پی ایم سی) کے عملے کی الیکشن ڈیوٹیاں نہیں لگوائیں گئیں جبکہ جناح اسپتال میں الیکشن سے دو دن پہلے اور دو دن بعد تک ایمرجنسی نافذ کردی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں