دشمن کے پروپیگنڈے سے مقابلے کیلیے نوجوان ریاست کی معلومات پر انحصار کریں وزیراعظم

ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف دشمنوں کے پھیلائے گئے پروپیگینڈے کومسترد کردینا چاہیے، انوارالحق کاکڑ


ویب ڈیسک January 24, 2024
فائل/فوٹو: اسکرین گریب

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگینڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں تو اس چیلنج پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد مین منعقدہ یوتھ کنونشن 2024 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جہاں ان کے علاوہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔

انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔

نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان جو ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں، ان کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف حال ہی میں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے گئے پروپیگینڈے جیسے اقدامات کو مسترد کردینا چاہیے۔

نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان قومی سلامتی کے اس ابھرتے ہوئے چیلینج سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس چیلینج پر اسی وقت قابو پایا جا سکتا ہے جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پروپیگینڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں