پنجاب میں گیریژن علاقوں میں سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد
گیریژن علاقوں میں سیاسی پرچم اور بینرز لگانے پر بھی پابندی، الیکشن کے دن سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ
پنجاب کی نگران حکومت نے گیریژن علاقوں میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، جھنڈے اور بینرز کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں عام انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز پنجاب، دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے عہدیداروں اور سول وعسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
الیکشن کمشنر پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام نے الیکشن انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ بیلٹ پیپرز کی محفوظ نقل وحمل، پولیس، رینجرز اور فوج کے دستوں کی 3 درجاتی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول رومز اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ ایپکس کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابط اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق بھی کیا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر11 افراد گرفتار
انتخابات کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ الیکشن سے پہلے، دوران اور بعد میں امن اومان کیلئے مثالی اشتراک کار کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ایپکس کمیٹٰی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کے دن اسلحے کی نمائش اور نقل وحمل پر سختی سے پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ الیکشن ڈے پر سوشل میڈیا کی سخت نگرانی کی جائے گی اور شرپسندی پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس نے فیصلہ کیا کہ گیریژن ایریاز میں سیاسی جلسے، جلوس،جھنڈے اور بینرز کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے شرکا کو بتایا کہ پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کی رہنمائی کیلئے چیک لسٹ اور ہینڈ بک مہیا کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی محسن نقوی نے کہا کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا موقع فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے اشتراک کار کو مثالی بنایا جائے گا۔
کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کے پر امن انعقاد کے لیے مختلف محکموں کے قریبی تعاون سے سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پر پورا فوکس ہے۔
اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کی مشترکہ کاوش کو بھی سراہا گیا اور نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔