ہنی مون کیلیے ایودھیا لے جانے پر بیوی کا شوہر سے طلاق کا مطالبہ
بھوپال سے تعلق رکھنے والی خاتون کی جانب سے طلاق کی اپیل فیملی کورٹ میں دائر کی گئی ہے
بھارت میں ایک خاتون نے گوا کے بجائے ہنی مون پر ایودھیا اور وراناسی لے جانے پر شوہر سے طلاق کا مطالبہ کر دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مدھیا پردیش کے شہر بھوپال سے تعلق رکھنے والی خاتون کی جانب سے طلاق کی اپیل فیملی کورٹ میں دائر کی گئی ہے، جہاں جوڑے کے درمیان مفاہمت کرانے کی کوشش جاری ہے۔
میرج کورٹ کے کونسلر شائل اوستھی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ جوڑا گزشتہ برس مئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا ۔دونوں فریقین آئی ٹی کے شعبے سے منسلک ہیں۔
خاتون نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ دونوں افراد کی اچھی آمدنی ہے جس کا مطلب ہے کہ بیرون ملک گھومنے جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی مسائل نہ ہونے کے باوجود ان کے خاوند نے انہیں بیرون ملک لے جانے سے انکار کیا اور بھارت میں ہی کسی جگہ چلنے پر مصر رہے۔ خاوند کی طرف سے اپنے والدین کی دیکھ بھال کی وجہ بتائی گئی جس کے بعد جوڑے کا گوا یا جنوبی بھارت گھومنے جانے پر اتفاق ہوگیا۔
بعد ازاں خاوند نے اپنی اہلیہ کو مطلع کیے بغیر ایودھیا اور ورانسی کی پروازیں بک کروا لیں اور انہیں سفر سے ایک روز قبل منصوبے میں تبدیلی کے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ وہ لوگ ایودھیا جا رہے ہیں کیوں کہ ان کی والدہ چاہتی ہیں کہ رام مندر کے افتتاح سے قبل وہ لوگ وہاں سے ہوکر آجائیں۔
خاتون نے اس وقت تو کسی قسم کا کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا اور منصوبے کے متعلق سفر کیا۔ تاہم، سفر سے واپسی پر ان کے درمیان خوب بحث ہوئی اور 19 جنوری کو بات بھوپال کے فیملی کورٹ تک پہنچ گئی۔
خاتون نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کے خاوند ان سے زیادہ اپنے گھر والوں کا خیال رکھتے ہیں۔ جبکہ خاوند کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ چھوٹے سے مسئلے کو بڑا بنا رہی ہیں۔