لندن میں الطاف حسین منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار میڈیکل چیک اپ کیلئے اسپتال منتقل

اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے الطاف حسین کو لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ میں ایک گھر سے گرفتار کیا گیا


ویب ڈیسک June 03, 2014
الطاف حسین کو لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ میں ایک گھرسے گرفتارکیا گیاہے۔ فوٹو: فائل

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈنگ کیس میں گرفتار کرلیا تاہم طبیعت خراب ہونے پر میڈیکل چیک اپ کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ میں ایک گھرسے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارکیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے نارتھ ویسٹ سے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے قانونی وجوہات کی بنا پر گرفتار شخص کا نام ظاہر کرنے سے معذرت کی ہے۔ لندن پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ ویسٹ لندن کے گھر میں ابھی بھی سرچ آپریشن جاری ہے اور یہ کارروائی پولیس کے اسپیشلسٹ آپریشنز یونٹ نے کی جبکہ اسکارڈ لینڈ یارڈ حکام کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور وہ اس دوران حراست میں ہی رہیں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی گرفتاری کے بعدعوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لئے نمائش چورنگی پہنچ گئی۔

الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں افراتفری پھیل گئی اور کاروباری مراکز، مارکیٹیں، پیٹرول پمپس بند ہوگئے جب کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد متحدہ کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران الطاف حسین کی گرفتاری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں تحقیقات کے دوران لندن پولیس نے دوران تلاشی الطاف حسین کے گھر سے نقدی برآمد کی تھی اور اس سلسلے میں دسمبر 2013 میں 2 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں