مخالفین جہاں جلسے کررہے ہیں  وہیں نواز شریف کے منصوبے نظر آ رہے ہیں مریم نواز

جنوبی پنجاب کا 2013 سے موازنہ کریں تو نواز شریف اور شہباز شریف کی خدمت نظر آئے گی، لیگی رہنما کا جلسے سے خطاب


ویب ڈیسک January 26, 2024
(فوٹو: فائل)

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین جہاں بھی جلسے کررہے ہیں، وہیں نواز شریف کے منصوبے نظر آ رہے ہیں۔

عام انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ یہاں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ میں سب کو سلام پیش کرتی ہوں، بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے گی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں اگر کوئی ایسا لیڈر ہے، جسے عوام کی فکر ہے، جسے مہنگائی کم کرنے کی فکر ہے، بجلی کے بل کم کرنے، گیس کی فراہمی، روٹی، آٹا، چینی، سڑکوں، اسپتالوں اور تعلیم کی فراہمی کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے۔ نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت کارفرما ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے حقیقی معنوں میں یہاں کی دل سے خدمت کی ہے۔ بڑے بڑے لوگ یہاں آئے اور جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء ، 2017ء کے جنوبی پنجاب کا موازنہ کرلیں اور آج کی صورت حال دیکھ لیں تو آپ کو فرق نظر آئے گا اور پتا چل جائے گا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے یہاں آپ کی خدمت کی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملتان میں میٹرو بنی، اسی طرح لاہور میں اگر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ بنا تو ملتان میں بھی کڈنی اسپتال بنا۔ لاہور میں چلڈرن اسپتال بنا تو پھر ملتان میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن اسپتال بنا۔ طبی ادارے، زرعی یونیورسٹیز بنائیں اور اب نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آپ لوگ مسلم لیگ ن کو منتخب کریں تو وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا منشور کل جاری کردیا جائے گا۔ ہمارا منشور بالکل واضح ہے۔ ہر شہر کی ترقی، ہر گاؤں کی ترقی، کسانوں کی ترقی۔ ہم اسپتال، مفت دوائیں، طبی سہولیات، تعلیم مفت اور عام، تعلیمی اداروں کا قیام، ہر ڈسٹرکٹ میں دانش اسکول بنانا، موٹر وے کا جال بچھانا، بجلی کے بلوں کو کم کرنا، گیس فراہم کرنا، روٹی اور آٹا سستی کرنا، سبزی، گوشت دالیں سستی کرنا، یہ سب ہماری ذمے داری ہے۔ یہی ہمارا منشور ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے بلکہ مسلم لیگ ن کے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ملائے۔ جتنی زیادہ مہریں شیر پر لگیں گی، اتنی جلدی پاکستان ترقی کرے گا، یہ میرا وعدہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مخالف جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، لیکن انہیں جلسہ کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے، وہ جلسوں میں ن لیگ اور نواز شریف پر تنقید کررہے ہیں اور جہاں پر بھی وہ مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہیں، وہیں دائیں بائیں انہیں ن لیگ ہی کے منصوبے نظر آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں