اسلام آباد غیرقانونی کرنسی ایکسچینج چلانے والے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان سے دو کروڑ روپے سے زائد کی ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد کی گئی، ترجمان ایف آئی اے

فوٹو: ایکسپریس

ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج چلانے والے دو ملزمان وسیم اختر اور فداحسین کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان سے40650 یورو، 3050 امریکی ڈالر، 1515 برطانوی پاؤنڈ، 2330 سعودی ریال، 2900 درہم، 715 ترکش لیرا، 261 ملائشین رنگٹ اور 57 لاکھ پاکستانی روپے برآمد ہوئے، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکے۔


ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو کلرسیداں روات سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان سے برآمد کردہ غیرملکی و ملکی کرنسی کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ملزمان کا 2 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہےاور ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

 
Load Next Story