بلال سعید نے مداحوں کو مائیک کیوں مارا حقیقت سامنے آگئی

مجھے اپنے غصے پر قابو رکھنا چاہیے تھا اور اسٹیج چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا، بلال سعید

گلوکار بلال سعید نے دورانِ کنسرٹ مداحوں پر مائیک سے وار کیا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار بلال سعید نے لائیو کنسرٹ کے دوران مداحوں کو مائیک مارنے کی وجہ بتا دی۔

بلال سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ "اسٹیج میرے لیے کُل کائنات کی حیثیت رکھتا ہے اور میں اپنے مداحوں کے سامنے پرفارم کرتے ہوئے خود کو زندہ دل محسوس کرتا ہوں"۔

گلوکار نے کہا کہ "جب اسٹیج پر پرفارم کرتا ہوں تو ذہنی تناؤ بھول جاتا ہوں اور تمام تر پریشانیوں کو پیچھے چھوڑ کر مداحوں کے سامنے پرفارم کرتا ہوں"۔

اُنہوں نے کہا کہ "دورانِ پرفارمنس مجھ سمیت ہر ایک فنکار پر اسٹیج کا احترام کرنا لازم ہے اور میں کبھی بھی اس چیز پر سمجھوتہ نہیں کرتا، میں اپنے مداحوں سے بھی بہت محبت کرتا ہوں"۔

مزید پڑھیں: گلوکار بلال سعید کا دورانِ کنسرٹ مداحوں پر مائیک سے وار

بلال سعید نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ "ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ جب دوران کنسرٹ شرکاء نے کوئی بدتمیزی کی ہو لیکن میں نے اس بدتمیزی پر جو ردعمل دیا ہے وہ پہلی بار ہوا ہے جو کہ میری غلطی ہے"۔

گلوکار نے مزید کہا کہ "مجھے اپنے غصے پر قابو رکھنا چاہیے تھا اور اسٹیج چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا کیونکہ اسٹیج کا احترام مجھ پر لازم ہے"۔

Load Next Story