انڈر 19 ورلڈ کپ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے ہراکر تیسرا میچ بھی جیت لیا
کیویز کا 141 رنز کا ہدف پاکستانی اوپنرز نے 25.2 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔
ہفتہ کو جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم نے نیوزی لینڈ انڈر نائنٹین ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 141 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جو اوپنرز شاہ زیب خان اور شمائل حسین نے 25.2 اوورز میں بڑی آسانی سے حاصل کرلیا۔ شاہ زیب خان نے 80 اور شمائل حسین نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عرفات منہاس نے دو میڈن اوورز سمیت پانچ اوورز میں چھ رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ کے حصے میں بھی تین وکٹیں آئیں۔ علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
یاد رہے کہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 181 رنز اور نیپال کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔