کراچی کی تاریخ میں عالمی معیار کی پہلی میراتھن کا انعقاد
نوجوان ایتھلیٹ عامر سہیل مقررہ 42.4 کلو میٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 36 منٹ اور 9 سیکنڈز میں طے کرکے فاتح رہے
کراچی کی تاریخ میں پہلی میراتھن کا انعقاد ہوا، عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ بین القوامی معیار کی42.2کلومیٹر کی میراتھن ساحل کلفٹن پرنشان پاکستان سے شروع ہوکر اسی مقام پر اختتام پذیر ہوئی.
نوجوان ایتھلیٹ عامر سہیل مقررہ 42.4 کلو میٹر کا فاضلہ 2 گھنٹے 36 منٹ اور 9 سیکنڈز میں طے کرکے میراتھن کے فاتح رہے اور 5 لاکھ روپے انعام کے حقدار ٹھہرے، جبکہ اسرار خٹک نے دوسری اور عامر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی میراتھن ماہ نور کے نام رہی ، 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن حفیظ البرکات نے ایک گھنٹہ اور 17 منٹ اور 12 سیکنڈز میں جیتی۔
میراتھن میں نوجوانوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کے ساتھ غیر ملکی اور سفارت کار بھی شریک ہوئے، سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی بھی دوڑنے والوں میں شامل تھے، اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چئیر پرسن رونق لاکھانی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئیں۔
عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پہلی کراچی میراتھن کے انعقاد کوصوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ اور رونق لاکھانی نے مثبت سرگرمی قرار دیا اور کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ایسی سرگرمیوں کو فروغ ملنا چاہیے۔
کراچی میراتھن آرگنازر شعیب نظامی نے کہاکہ پہلی مرتبہ کراچی میں اتنی بڑی سطح پر میراتھن کو سب نے مل کر کامیاب بنایا جبکہ اسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، میراتھن کو کامیاب بنانے میں سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت نے بھرپور تعاون کیا،اگلے سال کراچی سال میراتھن کو انٹرنیشنل ایونٹ بنایا جائے گا، آخر میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔