پاکستانیوں کے قتل کی مذمت ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے ایران

ایران میں گزشتہ روز مزدوری کرنے والے 9 پاکستانیوں کو قتل اور 3 کو زخمی کردیا گیا تھا

ایران میں 27 جنوری کو مزدوری کرنے والے 9 پاکستانیوں کو قتل اور 3 کو زخمی کردیا گیا تھا، فوٹو: آئی آر این اے

ایران نے اپنی سرزمین میں 9 پاکستانی مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کریں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے سراوان میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسیز اور تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حملہ آروں جن کی تعداد 3 تھی، ڈھونڈ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ایرانی ترجمان وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زخمیوں سے حملہ آوروں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : ایران کے صوبہ سیستان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدور قتل کردیے


ادھر ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے گورنر نے فائرنگ کے واقعے میں 9 پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر کہا ہے کہ پولیس افسوسناک واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے اور ہم جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے علاقے سراوان میں ڈینٹنگ پینٹنگ کا کام کرنے والے 9 پاکستانیوں کو فائرنگ کرکے قتل اور 3 کو زخمی کردیا گیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب حال میں پاک ایران کشیدگی کے بعد دونوں ممالک نے سفارتی سرگرمیوں کا پھر سے آغاز کیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایران کے پاکستانی صوبے بلوچستان میں حملے کے بعد شروع ہوئی جس پر پاکستان نے اپنا سفیر واپس بلالیا اور ایرانی سفیر کو پاکستان آنے سے روک دیا تھا۔

علاوہ ازیں پاک فوج نے ایرانی حملے کا جواب دہشت گردوں کے ایران میں ایک ٹھکانے پر حملہ کرکے دیا تھا۔ جس کے بعد دونوں ممالک نے تناؤ کو کم کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
Load Next Story