کراچی میں جماعت اسلامی کا سیاسی پاور شو شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت

آج کراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا ہے 8 فروری سندھ میں ڈاکو راج کا آخری دن ہوگا، سراج الحق


ویب ڈیسک January 28, 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

مزار قائد کے سامنے باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں جماعت اسلامی نے سیاسی پاور شو کا شاندار مظاہرہ کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اعلان کراچی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان پاور شو پر اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا ہے کہ 8 فروری سندھ میں ڈاکو راج اور کرپٹ سسٹم کا آخری دن ہوگا۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا ہر بچہ پونے تین لاکھ کا مقروض ہے۔ ایک نوجوان کہتا ہے کہ میرے نانا اور میری ماں وزیر اعظم تھے مجھے بھی وزیر اعظم بننا ہے۔ ایک بزرگ تین مرتبہ وزیر اعظم رہا اب بھی اقتدار کی ہوس اس میں موجود ہے۔ یہ وہی جماعتیں ہیں جو 74 سالوں سے ہم پر ظلم کررہے ہیں، کان کھول کر سن لو اب تمہاری باری نہیں آئے گی اب صرف عوام کی باری ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے کتے بلیوں کے لیے بیرون ملک سے خوراکیں آتی ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اب ہم اس صبح کے انتظار میں ہیں جو تعلیم، روگاری اور عزت لائے۔ بلاول بھٹو جتنے مرضی اشتہارات خرید لیں عوام دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ پیپلزپارٹی کا 300 یونٹ فری دینے کا وعدہ بالکل اسی طرح ہے جیسے 1970 میں روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ کیا تھا۔ نواز شریف ووٹ کو عزت دو سے دستبردار ہو گئے ہیں، وزیر اعظم کی کرسی اب ان کو کبھی نصیب نہیں ہوگی۔ ان ظالموں نے باہر کی کمپنوں سے مہنگے معاہدے کئے، پاکستان آئی آئی پیز کا نہیں پاکستان پاکستانیوں کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کسی سے فیور نہیں مانگ رہے لیکن کہنا چاہتے ہیں کہ اگر جماعت اسلامی جیت رہی ہے تو اس کا راستہ مت روکو، کراچی والوں اپنے ووٹ کی حفاظت کرنا اور ڈی آر او آفسز سے نتیجہ لیکر آنا۔ کراچی اور پاکستان میں جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں، پی ٹی آئی کی ریلی پر آج ہونے والی شیلنگ کی مذمت کرتا ہوں، سب کو سیاسی سرگرمی کیلئے برابر کا حق ہونا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آراوز اور ڈی آراوز سن لیں کہ آج کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو فتح دے دی ہے۔8فروری کے دن نتائج تبدیل کیے تو آراوز اور ڈی آراوز کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔آئندہ آنے والے دنوں میں سب مل کر 25لاکھ فون کال کریں اوراپنے رشتہ داروں، عزیز و اقارب،دوست واحباب اور دفتر میں کام کرنے والوں سب کو ترازو پر مہر لگانے کا پیغام دیں۔ وزیر اعلیٰ نے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات کا 2دن میں مسئلہ حل نہیں کیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں