آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر جسپریت بمراہ کو جرمانہ
بھارتی فاسٹ بولر نے جان بوجھ کر انگلش بیٹر اولی پوپ کے راستے میں قدم رکھا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ پر جرمانہ کر دیا گیا۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے 81ویں اوور میں جسپریت بمراہ نے جان بوجھ کر انگلش بیٹر اولی پوپ کے راستے میں قدم رکھا اور جسمانی طور پر روکنے کی کوشش بھی کی جس پر اولی پوپ نے امپائر سے شکایت بھی کی۔
انگلش بلے باز اولی پوپ اس وقت 196 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔
جسپریت بمراہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈیکٹ کے لیول 1 کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہوں نے میچ ریفری رچی رچرڈسن کی جانب سے لگائے گئے جرمانے کو قبول بھی کیا ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر کا گزشتہ 24 مہینوں میں یہ پہلا جرم تھا جس وجہ سے ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی کٹوتی کی گئی ہے۔
کوڈ آف کنڈیکٹ کے لیول 1 کے تحت کھلاڑی پر میچ کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے۔