اولاد سے ناراض ماں نے جائیداد اپنے پالتو جانوروں کے نام کردی

پہلے پہل خاتون نے اپنی جائیداد کو تینوں بچوں میں تقسیم کرنے کی ہی وصیت کی تھی

[فائل-فوٹو]

ایک معمر چینی خاتون نے اپنے 20 ملین یوآن (28 لاکھ ڈالرز) کی جائیداد اپنے بچوں کے بجائے اور اپنے پالتو جانوروں بلیوں اور کتوں کے نام کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی سے تعلق رکھنے والی لیو نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ان کی بیماری کے وقت ان کے تینوں بچوں میں سے کسی نے ان کا خیال نہیں رکھا سوائے ان کے پالتو جانوروں کے۔


خاتون نے اپنی پہلی وصیت چند سال قبل کی تھی جس میں انہوں نے اپنی جائیداد کو تینوں بچوں میں تقسیم کرنے کی وصیت کی تھی لیکن حال ہی میں بچوں کی طرف سے نظر انداز کیے جانے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا۔

لیو کا دعویٰ ہے کہ جب وہ بیمار تھیں تو بچے کبھی بھی ان کے پاس نہیں آئے، ان کی دیکھ بھال کا بندوبست بھی نہیں کیا اور وہ شاید ہی کبھی ان سے رابطہ کیا ہو۔ اس لیے انہوں نے اپنے تمام اثاثے صرف اپنے پالتو جانوروں، بلیوں اور کتوں کے لیے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہمیشہ ان کے ساتھ رہے ہیں۔

اگرچہ چینی قانون میں پالتو جانوروں کو براہ راست اثاثوں کا مالک بنانے پر پابندی ہے تاہم ایک وکیل سے مشورہ کرنے کے بعد لیو نے ایک راستہ تلاش کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے پیارے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے جانوروں کے کلینک کو اپنی جائیداد کا منتظم مقرر کردیا ہے۔
Load Next Story