صادق آباد پولیس کا غیرملکی سیاحوں سے ہتک آمیز سلوک ویڈیو وائرل
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے علاقے صادق آباد میں قومی شاہراہ کے قریب مقامی ہوٹل پر یہ واقعہ پیش آیا جو کہ ملکی بدنامی کا سبب بنا، تھانہ صدر صادق آباد کے اے ایس آئی لیاقت علی نے اٹلی کے سیاح سے ہتک آمیز سلوک کیا، اے ایس آئی لیاقت علی نے غیرملکی سیاح کو تھپڑ بھی مارا جو ویڈیو میں ریکارڈ ہوگیا۔
موجودہ حالات میں پاکستان آنے کے لئے خود پاکستانی بھی تیار نہیں، اور اگر اس دوران اگر کوئی غیر ملکی سیاح بھولے سے پاکستان کا رخ کر ہی لیتا ہے تو خدارا ان کی عزت کیجئے!
غیرملکی سیاحوں میں اٹلی، ایران کے سیاح شامل ہیں، ایک خاتون سیاح بھی ساتھ ہے، واقعہ کے بعد سیاحوں نے صادق آباد کے قریب بائی پاس پر اپنا سفر روک کر دھرنا دے دیا تھا۔
غیرملکی خاتون سیاح نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہل کاروں نے گن نکال کر مجھے شوٹ کرنے کی کوشش کی جس کو ہم نے ریکارڈ بھی کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو روز قبل 3 غیرملکی سیاح سندھ سے کوٹ سبزل چیک پوسٹ سے رحیم یارخان میں داخل ہوئے، اٹلی کے سیاح ایلکس دو دیگر غیر ملکی افراد کے ساتھ پاکستان کے وزٹ پر ہیں، ایس او پیز کے مطابق سیاحوں کو سیکیورٹی دی لیکن انہوں نے سیکیورٹی لینے سے انکارکردیا، غیرملکی سیاحوں کی جانب سے اے ایس آئی لیاقت کی آنکھوں میں اسپرے کیمیکل پڑنے پر مذکورہ اے ایس آئی کا پاؤں کیمرے پر لگنے کی ویڈیو بنی اور وائرل ہوگئی،
دوسری جانب افسران نے واقعے کا نوٹس لیا ہے، تھانہ صدر صادق آباد میں تعینات اے ایس آئی کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تردید بھی کی ہے اور کہا موقف اپنایا ہے کہ وہ سیاحوں کو سیکیورٹی دے رہے تھے جو وہ لے نہیں رہے تھے۔ عوام نے پولیس کے اس ویڈیو بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے اور جلے پر نمک کے برابر قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ملک کو بدنام کرنے والے ایسے سیکیورٹی اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے انہیں نوکریوں سے برطرف کیا جائے۔