ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری الیکشن مہم میں خلل کا خدشہ

مری میں تین گھنٹے میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے

مری میں تین گھنٹے میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے

خیبر پختون خوا کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

کے پی کے تمام سرد ترین علاقوں کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے مزید دو دن جاری رہنے کا امکان ہے۔

پشاور میں گزشتہ رات کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش ہوئی جبکہ آج بھی شہر میں گہرے بادل چھائے ہیں۔


چترال میں لواری ٹنل پر پہلے سے موجود برف پر مزید برف پڑی ہے۔ سیاح لواری ٹنل اور برف دیکھنے کیلئے چترال پہنچنے لگے ۔ کالاش ویلیز میں برفباری سے مقامی نوجوانوں کیلئے کریک گاڑ (سنو گالف ) کی راہ ہموار ہو گئی۔

لوئر چترال کی بالائی تحصیل لٹکوہ گرم چشمہ کے علاقہ گبور ،مڈکلشٹ ،بگوشٹ جبکہ اپر چترال کے مقامات تریچ، کھوت ،ریچ ، بروغل میں بھی برفباری ہورہی ہے جس سے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ اور سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔ چترال میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے الیکشن مہم میں خلل پڑنے کا خدشہ بھی ہے۔

ادھر مری میں بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے تین گھنٹے میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے اور اگلے تین سے پانچ گھنٹے تک شدید برف باری کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی جبکہ چند علاقوں میں قدرے تیزبارش ریکارڈ ہوئی اور آج بھی بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے ۔
Load Next Story