عمران خان جتنا مضبوط وزیراعظم کوئی نہیں رہااس نے مخالفین کو چن چن کر اٹھایا شرجیل میمن

اس وقت ایم کیو ایم کا ووٹ بینک نہیں ہے، اور پیپلز پارٹی بڑی اکثریت سے کامیاب ہوگی، پریس کانفرنس


ویب ڈیسک January 31, 2024
فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو معزز عدالت نے سزا سنائی ہے، ہم کسی تکلیف میں خوش نہیں ہوتے، عمران خان کے پاس ابھی موقع موجود ہے، وہ عدالتوں سے رجوع کرسکتے ہیں۔

بلاول ہاؤس میں سعید غنی اور ناصرحسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو سزا یہ ملک کی عدالت اور قانون نے سنائی ہے، یہ وہ قانون ہے جس کا سہارا عمران خان لیتے رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف آپ آدھی قیمت بھر کر لے سکتے ہیں مگر ان تحائف کو خرید کر مارکیٹ میں بیچ نہیں سکتے، ایک کمپنی نے ایک ہی گھڑی بنائی اس میں خانہ کعبہ کی تصویر تھی، اس گھڑی کی عمران خان نے انڈر انوئسنگ کرائی اور اس کو فروخت کرکے جھوٹ بولا۔

اگر کسی ملک کا سربراہ آپ کو تحفے دیتا ہے اور آپ اس کو فروخت کریں تو یہ غیر قانونی بھی ہے اور غیر اخلاقی بھی ، عمران خان نے اس معاملے میں ایک ارب 99 کروڑ کا سرکاری خزانے پر ڈاکا ڈالا۔

اس کیس میں عمران خان کئی بار وکیل تبدیل کرتے رہے، کل والے اور آج والے کیس میں وکیل آتے ہی نہیں ہیں، وکیل خود بھی عدم پیروی کررہے تھے، ان کی بیگم کے وکیل بھی حاضر نہیں ہوئے، وہ خود بھی وکیل تبدیل کرتے رہے، ان کے وکلا ان کے ساتھ ہاتھ کرگئے، خان صاحب عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان جتنا مضبوط وزیر اعظم تھا اتنا مضبوط وزیر اعظم کوئی نہیں رہا، اس نے مخالفین کو چن چن کر اٹھایا ۔ میں پی ٹی آئی کے ورکرز کی قدر کرتا ہوں، مگر انہوں نے جس شخص کو چنا اس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔

وہ جسٹس بشیر کی نام لیکر تعریفیں کر چکا ہے، جب وہ (جج) آپ کو قانون کے دائرے میں لیکر آتے ہیں تو آپ ان کے خلاف باتیں کررہے ہیں، اگر آپ کی بیگم کو سزا ہوئی تو مجھے خوشی نہیں ہوئی، آپ کا جیل میں رہنا بنتا ہے لیکن خاتون کا جیل میں رہنا اچھا نہیں ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے لوگوں کی فیملی کے لیے مشکلات پیدا کیں، آپ لوگوں کو غلط ڈگر پر لیکر گئے، آپ نے جھوٹے کیسز بنائے، نیب کو سر پر بیٹھنے والے آپ تھے، اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، ہر شخص جو بولنے کی جرات رکھتا تھا وہ آپ کے انتقام کا نشانہ رہا، آج آپ اپنے اعمالوں کی وجہ سے جیل میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری 11 سال جیل میں رہے، ان کے سینے میں ملک کے راز تھے مگر انہوں نے ایک لفظ نہیں بولا، آپ جس ملک پر الزام لگاتے تھے آپ کی پارٹی کے لوگ اس ملک میں بیٹھ کر لابنگ کرتے رہے، الیکشن کمیشن کا فارن فنڈنگ کا فیصلہ تھا کہ آپ نے بھارت سے فنڈنگ لی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آپ تو ہمیشہ سے لاڈلے رہے ہو، آپ کو باقاعدہ ڈھیلیں دی گئی ہیں مگر آپ نے ہر شخص کو انتقام کا نشانہ بنایا، آپ نے ملک کے ہر ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر کچھ بھی ہوجائے پیپلز پارٹی جمہوریت کو بہترین انتقام سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان اور نواز شریف کی طرح اقتدار میں آنے کی کوشش نہیں کرتے، پیپلز پارٹی نے کبھی ادارے کو نشانہ نہیں بنایا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ نواز شریف جیل میں جائے وہ بھی اداروں کو نشانہ بناتا ہے، عمران خان بھی اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتقام کی سیاست کو ختم کرنا چاہتی ہے، ہر دور میں اس طرح کی باتیں ہوتی ہیں مگر ان باتوں کو دل میں نہیں رکھا جاتا، عمران خان کے پاس ابھی موقع موجود ہے، وہ عدالتوں سے رجوع کرسکتے ہیں۔

سندھ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن وامان کو برقرار رکھنا نگران حکومت کا کام ہے، سندھ حکومت نے تاریخی منصوبے بنائے ہیں، سندھ میں صحت سہولیات ایسی ہیں کہ ن لیگ کی قیادت کو ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا،

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کو بھی اچھی خوراک ملنی چاہیے تاکہ وہ پیار سے بات کرے۔

انہوں نے کہا ضلع وسطی میں ( ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت ) کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کی جائیں، اگر مصطفیٰ کمال سمجھتے ہیں کہ یہ 90 کی ایم کیو ایم ہے تو یہ ان کی بھول ہے۔

شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ایم کیو ایم کا ووٹ بینک نہیں ہے، اور پیپلز پارٹی بڑی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں