آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی کورکمانڈرزکانفرنس

کانفرنس کے شرکا کا دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پوری طاقت کےساتھ نمٹنے کے عزم کا اعادہ

فوٹو: آئی ایس پی آر

262 ویں کورکمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے ،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز( ملٹری ) کے زیرصدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں عزم کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقہ اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔


کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی او ر سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم نے عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

شرکائے کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے کی،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

شرکاء کانفرنس نے اس طرح کے اقدامات اور ان کے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرزپر پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا ۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
Load Next Story