غیر قانونی بھرتیاں پرویز الہٰی پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی

اینٹی کرپشن کورٹ نے پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف کیس پر مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی


ویب ڈیسک February 01, 2024
(فوٹو: فائل)

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پرویز الٰہی سمیت تمام دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا۔

عدالت کی ہدایت پر سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے لا کر اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا تاہم ایک شریک ملزم کے سمیع اللہ کے پیش نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر تمام ملزمان آج پیش ہو جاتے تو فرد جرم عائد کی جاتی۔ اینٹی کرپشن کورٹ نے پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف کیس پر مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 میں بھرتی ہونے والوں امیدوار ملزمان میں شامل ہیں، پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملزمان کو گریڈ 17 میں ملازمتیں دی گئیں۔ بھرتی ہونے والے ملازمین میں سمیع اللہ، وقاص سرور، دانیال ستار خان، طاہر احمد مکی، محمد اعجاز، محمد حیدر شفقت، محمد امین، زیب الحسن، مختار احمد رانجھا اور محمد عاقف شامل ہیں۔

پرویز الٰہی کی پیشی سے قبل

پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب ملزم احتساب عدالت پیش ہو رہے ہیں تو یہاں کیوں نہیں، ملزمان کو یہاں بھی پیش کریں میں فائل انتظار میں رکھ رہا ہوں۔

عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کر رکھی ہیں۔

عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سپرٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے وہ کدھر ہے، تم پولیس والے اور ڈاکٹر سب ملے ہوئے ہو، میں سب کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کروں گا۔

واضح رہے کہ پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ نمبر 09/23 درج کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں