الطاف حسین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی تک دھرنے جاری رہیں گے فاروق ستار

ہم چاہتے ہیں پاکستانی حکومت یہ یقین دہانی لے کر دے کہ الطاف حسین کو علاج اور مکمل انصاف فراہم کیا جائیگا، فاروق ستار

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروبار اور پبلک ٹرانسپورٹ رضاکارانہ طور پر بند ہے، فاروق ستار فوٹو؛ایکسپریس نیوز

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ جب تک برطانیہ میں الطاف حسین کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی نہیں کروائی جاتی اس وقت تک دھرنے جاری رہیں گے۔


کراچی میں نمائش پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے دیئے جانے والے دھرنے کے موقع پر ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھاکہ ہمارے اس احتجاج کا مقصد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ہے تاکہ وہ خود کو وہاں تنہا نہ سمجھیں جب کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ الطاف حسین کی صحت اور ان کی زندگی کا ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان کی حکومت ہمیں برطانیہ سے یہ یقین دہانی لے کر دے کہ الطاف حسین کو بہتر علاج اور مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

فاروق ستار نے کہا کہ پرامن مظاہرہ ہماری پالیسی کا عکاس ہے، اگر شہر میں کوئی جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کرتا ہے تو وہ ایم کیو ایم کی پالیسی نہیں ہے، ہم نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم جمہوری انداز میں پرامن طور پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروبار اور پبلک ٹرانسپورٹ رضاکارانہ طور پر بند ہے۔
Load Next Story