پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کی موجودگی میں کسی سازش کا امکان نہیں شہباز شریف

ہرصورت میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے، صدر ن لیگ


ویب ڈیسک February 01, 2024
—فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کے ہوتے ہوئے کسی سازش کا امکان نہیں ہے، ہرصورت میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں خصوصی گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ 7 ماہ کام کیا اور وہ ملک کی ترقی کے لیے بہت سنجیدہ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی نے جرم کیا ہے تو اس کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، قوم جس کو ووٹ دے گی ہم اس کو قبول کریں گے، آئی ایم ایف کی کڑوی گولی کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا، لولی لنگڑی حکومت استحکام نہیں لاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف قوم کو اکٹھا کرسکتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھیں گے، قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے، جس نے جرم کیا ہے اس پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پولیٹیکل ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پی ٹی آئی کا چہرہ ایکسپوز کردیا، بانی پی ٹی آئی نے سستی شہرت کے لیے ریاست کو داؤ پر لگی دی، موجودہ مہنگائی کی وجہ بانی پی ٹی آئی ہیں جنہوں نے چینی اور دیگرمعاملے میں کرپشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا لیکن اس کی دھجیاں انہوں نے خود ہی اڑا دی تھیں، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں ناکام رہے؟ سے متعلق سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ اسحاق ڈار بہت محنتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کے لیے ہر چیز کرنے پر تیار تھے، آج وہ جیل میں ہیں اس لیے کوئی سخت بات نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف نے انتخابی منشور پیش کردیا جسے بہت مشاورت کے بعد تیار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور سے پہلے بڑی بڑی تلخیاں ہوجاتی تھی لیکن شادی بیاہ یا کسی بھی تقریب میں سیاسی مخالفین ملا کر اپنے گفتگو کا راستہ نکال لیا کرتے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں موقع ملا اور نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم کا منصب ملا تو وہ فلاحی ریاست بنانے کے لیے ساری جدوجہد کریں گے۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ جب ملک فلاحی ریاست بنے گا تو استحکام آئے گا، اگر معاشی ترقی ہو گی تو تمام دھرنے ختم ہوجائیں گے، اگر حکومت کو کام کرنے کی مہلت ملی تو ترقی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف نے واضح پیغام دے دیا کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا اور مشاورت بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی بحث ختم کرنا چاہیے اور ملک کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

کیا آپ چاہیں گے کہ لاہور کراچی بن جائیں؟ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'خواہش ہے کہ کراچی دنیا کا خوبصورت شہر بن جائے لیکن افسوس یہاں پانی دستیاب نہیں، سڑکیں ٹوٹی ہیں، کراچی کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں