کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف منصوبوں کیلیے ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی

سول ایوی ایشن کیلیے50 کروڑ، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلیے 56 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی


ویب ڈیسک February 01, 2024
(فوٹو: فائل)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سول ایوی ایشن سمیت مختلف شعبوں اور منصوبوں کے لیے ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت ہوا جس میں تیرہ نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

ای سی سی کے اجلاس میں سول ایوی ایشن کے لیے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، یہ گرانٹ پاکستان میں پی ایم ڈی کی ہائیڈرومٹ سروسز کی ماڈرنائزیشن کے پراجیکٹ پر خرچ ہوگی۔

اجلاس میں کابینہ ڈویژن کے انٹرنیشنل ریفارمز سیل کیلیے تین کروڑ 88لاکھ 56ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی، علاوہ ازیں جاپانی گرانٹ سے خیبر پختونخوا کے دیہی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر اور لاہور کی تین یونین کونسلزمیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ کیلیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔

ای سی سی کے اجلاس میں وزارت خزانہ کو رواں مالی سال کیلیے کنسلٹنسی سروسز اور کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کیلیے ایک ارب 59کروڑ سولہ لاکھ روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی سمری بھی منظور کرلی جبکہ فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے لئے ساڑھے سات ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 56 کروڑ روپے سے زائدکی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی دو سمریاں بھی منظور کرلیں، اسی طرح گلگت بلتستان کو سبسڈائزڈ ریٹ پر گندم کی فراہمی کیلیے گندم کی قیمت کی ریشنلائزیشن کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ملک میں گندم کی طلب اور رسد کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ساتویں مردم شماری و خزانہ شماری کیلیے چار ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران بجٹری غیر ملکی امداد کے استعمال کیلیے ڈالر اور روپے کی قدر میں آنے والے فرق سے متعلق روپے کو کوور دینے سے متعلق سمری بھی منظور کرلی گئی جبکہ لندن انٹر بینک آفر ریٹ(لائبر اور )ٹو سیکیورڈ اوور رائٹ فنانسنگ ریٹ(ایس او ایف آر) ٹرانزیکشن سے متعلق سمری کی بھی منظوردی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں