جو لوگ اپنے صوبے میں کارکردگی نہ دکھا سکے وہ ملک میں کیا دکھائیں گے وزیراعظم

نوجوانوں کی باتیں کرنے والے بھی ان کے لئے کوئی اقدام کریں کیونکہ یہ عمل کا وقت ہےدھرنوں کا نہیں، نوازشریف

نوجوان قرضہ اسکیم میں کوئی گھپلا اور کوئی سفارش نہیں ہے، وزیراعظم فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے صوبے میں کارکردگی نہ دکھا سکے وہ ملک میں کیا دکھائیں گے اورجن لوگوں کو عوام نے ووٹ نہیں دیا وہ 2018 تک صبراور انتظارکریں۔

اسلام آباد میں یوتھ لون اسکیم کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نئے مالی سال کے لئے پیش کیا گیا کہ گزشتہ برس جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پہلے ہی روز ہمیں بجٹ کا سامنا کرنا پڑا، ہم نے اپنی سوجھ بوجھ کے مطابق جس قدر بہتر ہوسکا عوام دوست بجٹ کی تیاری کی، اچھا بجٹ بنانے پر وہ اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کریں گے، نئے بجٹ سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت محصولات کی شرح میں صرف 3 فیصد اضافہ کیا لیکن موجودہ حکومت نے ایک سال میں 16 فیصد اضافہ کیا۔ لائیو اسٹاک انشورنس اسکیم سے اس شعبے کے افراد کو بہت فائدہ ہوگا۔


وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان جومعاشی طورپرکمزورہیں انہیں اپنے حالات بہتر کرنے کا پورا حق ہے، نوجوان ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس وسائل نہیں، بڑے افسوس کی بات ہے کہ بینکوں تک غریبوں کی رسائی بھی نہیں نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے کے لیے ہم نے یوتھ لون اسکیم شروع کی۔ نوجوان قرضہ اسکیم میں کوئی گھپلا اور کوئی سفارش نہیں ہے، ہمارے نوجوانوں کو یقین آگیا ہے کہ موجودہ حکومت ان کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں، 6 ہزار افراد کو قرض کی فراہمی سے 50 ہزار افراد کو روزگار ملے گا، ان قرضوں نے وہ خود سوچیں گے کہ انھوں نے ملک کو کیا دیا۔ انہیں یقین ہے کہ نوجوان اپنی محنت اور لگن سے اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ پڑھائی کےدوران بھی نوجوانوں کے لئے ملازمتون کے مواقع فراہم کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مشکل سے نکالنا چاہتی ہے۔ نوجوانوں کی باتیں کرنے والے بھی ان کے لئے کوئی اقدام کریں کیونکہ یہ عمل کا وقت ہےدھرنوں کا نہیں، عوام بھی باتوں پر دھیان نہ دیں اوراپنی آنکھوں سےدیکھیں کہ کون کیا کررہا ہے۔ وہ خود دیکھیں کہ ملک کی ترقی کے لئے کتنے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔
Load Next Story