کراچی میں الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر دھماکا
دھماکا خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر دیوار کے ساتھ رکھا گیا تھا
شہر قائد میں قائم الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر کے باہر دھماکا ہوا ہے جس میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق صدر میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر مغرب کے بعد زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز صدر اور اطراف کے علاقوں میں سنی گئی۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ الیکشن کمیشن آفس کی دیوار متاثر ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر رکھا گیا تھا، رش نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقام کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کیلیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے میں 500 گرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا تخریب کاری ہے جو مکمنہ طور پرخوف و ہراس پھیلانے کیلیے کیا گیا۔
بم ڈسپوزل رپورٹ
بی ڈی ایس کے عملے نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد صوبائی الیکشن کمشن سندھ کے دفتر کے باہر دھماکے سے رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق دھماکے کے مقام سے ٹائمر ڈیوائس اور بارہ وولٹ کی بیٹری ملی ہے، دھماکا ڈیٹونیٹر اور تقریباً چار سو گرام بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم دیسی ساختہ تھا جسے سافٹ کنٹینر میں تیار کیا گیا تھا، دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اُدھر چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی دفتر کے باہر ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔