قلات میں پی پی کے ضلعی الیکشن آفس اور نوشکی میں تھانے پر دستی بم حملے
قلات میں پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن دفتر پر ہینڈ گرنیڈ دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے، پولیس
بلوچستان کے علاقے قلات میں پیپلزپارٹی کے ضلعی الیکشن آفس پر دستی بم کا حملہ ہوا جس میں تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ نوشکی میں نامعلوم افراد نے تھانے کے گیٹ پر کریکر حملہ کیا جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن دفتر پر ہینڈ گرنیڈ دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے جو دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقام کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے جبکہ نوعیت کیلیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کیا گیا ہے۔
اس سے قبل نوشکی میں سٹی پولیس تھانہ کے مین گیٹ پر دستی بم کا حملہ ہوا جس میں خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے خاران میں این اے 260 کے امیدوار اعجاز سنجرانی کے انتخابی کیمپ کے باہر سے دستی بم برآمد ہوا جسے پولیس نے فائرنگ کر کے ناکارہ بنادیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے بلوچستان کے مختلف علاقے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں جہاں نامعلوم افراد انتخابات میں حصہ لینے والوں کے گھروں، انتخابی دفاتر اور تھانوں سمیت مختلف املاک پر حملے کررہے ہیں۔