نواز شریف کے سہولت کار سُن لیں دھاندلی برداشت نہیں کریں گے بلاول بھٹو

ن لیگ کے ہاتھ سے بلوچستان، کے پی اور جنوبی پنجاب نکل چکا ہے، یہ سہولت کار سے کہہ رہے ہیں 2018 والی دھاندلی کرو، خطاب


ویب ڈیسک February 03, 2024
فوٹو اسکرین گریپ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے دھاندلی کے لیے نگراں حکومت کے عہدیداران سے فارم 45 اور فارم 47 رائیونڈ بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے، سہولت کار سُن لیں اگر چوتھی بار اس کو وزیراعظم بنایا گیا تو دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔

میرپور خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 'میں پاکستان کے عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں جبکہ دوسرے سیاست دان ادھر اُدھر دیکھ رہے ہیں، میں نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور جنوبی پنجاب کے دورے کیے، یہ سارے علاقے ن لیگ کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں اس لیے اب سارا ٹبر لاہور میں اپنا گھر بچانے کی کوشش کررہا ہے'۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں ذاتی انتقام لے رہی ہیں، جو میاں صاحب اپنے آپ کو چوتھی بار مسلط کرنا چارہا ہے اُس کو وفاق، عوام اور جمہوریت کی نہیں بس اپنی کرسی کی فکر ہے'۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کی باقی تمام سیاسی جماعتیں نام نہاد ہیں، کوئی مذہب، کوئی فرقہ واریت اور کوئی لسانیت کے نام پر تقسیم کرنا چاہتا ہے، ہم ان سب کو عوام کی حمایت سے 8 فروری کو جواب دیں گے، سندھ اور پورا پاکستان ان کی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کردے گا اور 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی'۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'میں نے میاں صاحب کو مباحثے کی پیش کش کی، مگر وہ خوفزدہ ہیں، یہ جو چوتھی بار وزیر بننے جارہا ہے یہ بزدل اور ڈرپوک ہے اور میرے ساتھ بات کرنے کو تیار نہیں، یہ شخص عوام سے خوفزدہ اور ڈرا ہوا ہے اور مطالبہ کررہا ہے کہ ویسے ہی دھاندلی کی جائے جیسے خانصاحب کیلیے 2018 میں انتظامات کیے گئے ہیں'۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 'وہ (ن لیگ والے) جانتے ہیں کے پی، جنوبی پنجاب اُن کے ہاتھ سے نکل گیا، اب انہیں اپنا ہوم گراؤنڈ بھی جانے کا خوف ہے، تین بار وزیراعظم رہنے کے باوجود وہ سندھ میں ایک جلسہ نہیں کرسکے'۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف اب نگراں حکومت کے لوگوں کو استعمال کررہے ہیں اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رائیونڈ میں فارم 45 اور فارم 47 پہنچائے جائیں تاکہ وہ پہلے سے دھاندلی کرسکیں، وہ ابھی سے ووٹوں پر ڈاکا مارنے کیلیے سازشیں کررے ہیں، عوام ایسے بزدل گیدڑ کا ساتھ نہیں دیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ ن لیگ کی بھول ہے کہ وہ دھاندلی کرلے اور ہم خاموش بیٹھ جائیں، یہ پی پی کے جیالے ممی ڈیڈی نہیں بلکہ ضیا کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، انہوں نے جنرل مشرف کا مقابلہ کیا تھا، دھاندلی کی سازیں کرنے والا شیر نہیں بلکہ بلی ہے اور اس کا ہم بندوبست کریں گے'۔

بلاول کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو ہم ساتھ ملکر الیکشن کمیشن جاکر نتائج چھینیں گے، یہ اپنے سہولت کار کو کہہ رہے ہیں دھاندلی کرو مگر نواز شریف کے سہولت کار سُن لیں دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آنے کے بعد غریبوں کیلیے 300 یونٹ بجلی فری کریں گے، ہر بچے کو مفت تعلیم دیں گے جبکہ نوجوانوں کو روزگاراور کسانوں کو حقوق دیں گے، میرپور خاص نے بھٹو شہید اور بی بی شہید کا بھرپور ساتھ دیا اور آج یہاں لے لوگ بلاول کے ساتھ کھڑے ہیں'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں