کراچی صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھماکے کا مقدمہ درج
مقدمہ ایس ایچ او پریڈی کی مدعیت میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے
سی ٹی ڈی پولیس نے صدر میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا.
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ساؤتھ پولیس نے پریڈی تھانے کے ایس ایچ او زاہد علی کی مدعیت میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے باہر جمعرات کی شب ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمہ الزام نمبر 18 سال 2024 ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کو شامل کیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق جمعرات کی شب 8 بجے شاہراہ عراق الیکشن کمیشن آفس کے سامنے فٹ پاتھ پر دھماکا ہوا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر دیگر نفری کے ہمراہ پہنچ کر فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔
بم ڈسپوزل یونٹ نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شواہد جمع کیے اور موقع سے ٹائمر ڈیوائس اور 12 وولٹ کی بیٹری ملی، موقع سے ڈیٹونیٹر دیسی ساختہ جس میں ٹائم ڈیوائس تھی برآمد کیا۔
مقدمہ کے مطابق دہشت گردی کی نیت سے ٹائم ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا جس پر سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ۔