پونم پانڈے کی موت کے ڈرامے پر شوہر نے خاموشی توڑ دی

موت کی خبر کے ایک دن بعد پونم پانڈے نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرکے بتایا تھا کہ وہ زندہ ہیں

2 فروری کو پونم پانڈے نے اپنی موت کا ڈراما رچایا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے کے شوہر سیم بومبے نے اپنی اہلیہ کی موت کی جھوٹی خبر پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اہلیہ کے زندہ ہونے پر بہت خوش ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونم پانڈے کے شوہر سیم بومبے نے اپنی اہلیہ کی موت سے متعلق جھوٹی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "جب میں نے یہ خبر سنی تو میرا دل یہ خبر تسلیم کرنے کے لیے تیار ہی نہیں تھا اور میں نے یہی سوچا کہ ایسا نہیں ہو سکتا"۔

پونم پانڈے کے شوہر نے کہا کہ "جب ہمارا کسی کے ساتھ محبت کا گہرا تعلق ہوتا ہے تو ہمیں پہلے ہی اس کے بارے میں صحیح اور غلط کا معلوم ہوجاتا ہے، اسی لیے میں نے اپنی بیوی کی موت کا یقین نہیں کیا تھا، میں ہر روز پونم کے لیے دعا کرتا ہوں تو اگر اُن کے ساتھ کچھ بھی غلط ہوتا تو مجھے پہلے ہی معلوم ہوجاتا"۔

اداکارہ کے شوہر نے یہ بھی کہا کہ "الحمدللہ! میرے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ پونم زندہ ہے، میں پہلے بھی اُن کے لیے دعا کرتا تھا اور آگے بھی کرتا رہوں گا"۔

مزید پڑھیں: 'میں زندہ ہوں'، اچانک موت کی خبر کے ایک دن بعد پونم پانڈے کا ویڈیو پیغام

اُنہوں نے اپنی بیوی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ "اگر کوئی اپنی شہرت یا امیج کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے کسی مسئلے کے بارے میں آگاہی پیدا کرتا ہے، تو ہمیں اس کے اقدام کا احترام کرنا چاہیے اور میری نظر میں تو پونم پانڈے بھارت کی سب سے دلیر خاتون ہیں"۔

سیم بومبے نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ابھی تک اُن کے اور پونم پانڈے کے درمیان قانونی طور پر طلاق نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 2 فروری کی صبح پونم پانڈے کے آفیشل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سروائیکل کینسر کی وجہ سے اداکارہ کی موت ہوگئی ہے۔


پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا تھا جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا تھا۔

مزید پڑھیں: فخر ہے میری موت کے ڈرامے سے سروائیکل کینسر کو اسپاٹ لائٹ ملی، پونم پانڈے

موت کی خبر کے ایک دن بعد پونم پانڈے منظرِ عام پر آگئی تھیں اور سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرکے بتایا تھا کہ وہ زندہ ہیں اور بالکل ٹھیک ہیں، اداکارہ کے مطابق اُنہوں نے یہ ڈراما سروائیکل کینسر کی ویکسین کی تشہیری مہم کے لیے کیا تھا۔

پونم پانڈے کے اس ڈرامے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور بھارتی شوبز شخصیات کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جلد از جلد اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے موت کا مذاق بنایا ہے۔


یاد رہے کہ اداکارہ پونم پانڈے اور سیم بومبے ستمبر 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دونوں شادی سے تین سال قبل سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

مزید پڑھیں: پونم پانڈے کی اچانک موت، اداکارہ کے اہلخانہ سے رابطہ کرنا مشکل

پونم پانڈے کے شوہر سیم بومبے جن کا پورا نام سیم احمد بومبے ہے ان کا تعلق بھی بالی ووڈ انڈسٹری سے ہے وہ ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور ایڈیٹر ہیں، اس جوڑی کے درمیان شادی کے بعد سے اختلافات چل رہے ہیں اور کہا جارہا تھا کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔

Load Next Story