لاہور میں ملک کے سب سے بڑے بایو گیس پلانٹ کا افتتاح

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نےا فتتاح کیا، یومیہ 6000 مکعب میٹر گیس اور 16000کلونامیاتی کھاد بنائی جائے گی


ویب ڈیسک February 04, 2024
فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجر کالونی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو گیس پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بٹن دبا کر کمپریسڈ بایو گیس پلانٹ پروڈکشن کا آغاز کیا، انہوں نے نقاب کشائی کے بعد افتتاحی تختی پر دستخط ثبت کیے اور تاریخ بھی لکھی۔ وزیراعلیٰ نے بایو گیس پلانٹ کمپلیکس میں پودا بھی لگایا۔

لاہور کی گجر کالونی میں قائم بایو گیس پلانٹ سے روزانہ 6000 مکعب میٹر گیس بن سکے گی۔ بایو گیس پلانٹ میں روزانہ 1600کلو گوبر استعمال ہوگا جس سے یومیہ اتنی ہی مقدار میں نامیاتی کھاد بھی پیدا ہوگی۔

گجر کالونی بایو گیس پلانٹ سے پیدا ہونے والی نامیاتی کھاد پی ایچ اے اور کاشتکار استعمال کر سکیں گے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گجر پورہ بایو گیس پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میـڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے کہاکہ گجر کالونی بایو گیس پلانٹ پراجیکٹ نہایت اہم تھا، پلانٹ مکمل ہونے سے سڑکوں پر نظر آنے والا گوبر ختم ہوجائے گا اوراسی گوبر سے نامیاتی کھاد بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گجرکالونی بایو گیس پلانٹ سے بنائی جانے والی نامیاتی کھاد عوام کو بھی فروخت کی جائے گی،جس سے پی ایچ اے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا۔

وزیراعلی نے کہا کہ گجر کالونی بایو گیس پلانٹ کا توسیعی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس سے گجر کالونی سمیت پورے علاقے کو بہت فائدہ ہوگا۔

محسن نقوی نے بایوگیس پلانٹ بنانے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اللہ ان کو جزا دے، پوری ٹیم نے بہت زبردست کام کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلال افضل، سیکرٹری انرجی،سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں