2 عوامل کی بنیاد پر دردِ شقیقہ کے حملے کی پیشگوئی کرنا اب ممکن
تحقیق دو ہفتوں کے دوران 477 افراد کے طرز عمل اور علامات کا جائزہ لے کر کی گئی ہے
نئے مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ لوگ اگر ایک دن پہلے دو اہم ترین عوامل کی شناخت کرلیں تو اسکی بنیاد پر اپنے اگلے درد شقیقہ کے حملے کی پیش گوئی کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرنل آف نیورولوجی میں شائع ہونے والے تحقیقی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ دو عوامل آنے والے درد شقیقہ کا قبل از وقت پتہ لگانے میں مدد دے سکتے ہیں اور وہ ہیں نیند کے معیار میں تبدیلی اور جسمانی توانائی کی سطح۔
یہ تحقیق دو ہفتوں کے دوران 477 افراد کے طرز عمل اور علامات کا جائزہ لے کر کی گئی ہے جس میں یہ پایا گیا ہے کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں درد شقیقہ معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
مطالعے کی سرکردہ محقق ڈاکٹر کیتھلین میریکانگس کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کا اہم نتیجہ یہ ہے کہ ایک دن پہلے نیند کے معیار اور جسمانی توانائی میں تبدیلی کا تعلق اگلے دن کے درد شقیقہ سے ہے۔ بالفاظ دیگر جس دن جسم میں کم توانائی محسوس ہو اور نیند کی کمی کا سامنا ہو تو یہ اگلے روز ہونے والے درد شقیقہ کا اہم اشارہ ہے۔
ڈاکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہم ایسے عوامل کی نشاندہی کرلیں جنہیں لوگ تبدیل کرسکتے ہیں تو درد شقیقہ کے حملے کو روکنے میں کامیابی ممکن ہے۔ مزید برآں اس کے ذریعے درد شقیقہ کے مریض اسے روکنے کیلئے سوکر یا کوئی اور طرز عمل اپنا کر دوائی پر اپنا انحصار کم بھی کرسکتے ہیں۔