برطانوی گلوکار نے آٹوگراف دیتے ہوئے غلطی سے میرج سرٹیفکیٹ پر دستخط کردیے
مداح نے سوشل میڈیا پر میرج سرٹیفکیٹ کی تصویر پوسٹ کی اور کہا کہ میں کنسرٹ سے شادی کرکے واپس آئی ہوں
مشہور برطانوی بینڈ 'ون ڈائریکشن' کے سابق ممبر گلوکار لوئس ٹوملنسن نے خاتون مداح کو آٹوگراف دیتے ہوئے غلطی سے میرج سرٹیفکیٹ پر دستخط کردیے جس کی تصویر مداح نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گلوکار لوئس ٹوملنسن ان دنوں انڈونیشیا میں موجود ہیں جہاں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران مداحوں کا ہجوم گلوکار کو قریب سے دیکھنے کے لیے جمع تھا۔
گلوکار لوئس ٹوملنسن جیسے ہی اپنے مداحوں کے قریب آئے تو مداح آٹوگراف کے لیے نوٹ بُک اور ٹی شرٹس آگے بڑھاتے رہے، اسی دوران ایک خاتون مداح نے گلوکار سے منفرد انداز میں آٹوگراف لیا۔
خاتون مداح نے آٹوگراف کے لیے گلوکار کی جانب شادی کا سرکاری سرٹیفکیٹ بڑھایا تو لوئس نے انجانے میں اس سرٹیفکیٹ پر دستخط کردیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار لوئس نے جس سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے وہ ریپبلک آف انڈونیشیا کا میرج سرٹیفکیٹ تھا اور اس میرج سرٹیفکیٹ پر گلوکار لوئس اور خاتون مداح کی تصویر اور دستخط موجود تھے۔
بعدازاں، خاتون مداح نے سوشل میڈیا پر اپنے اور گلوکار لوئس کے میرج سرٹیفکیٹ کی تصویر پوسٹ کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کنسرٹ میں جب گئی تو کنواری تھی اور کنسرٹ سے شادی کرکے واپس آئی ہوں، لوئس نے میرے نکاح نامے پر دستخط کردیے ہیں۔
خاتون مداح کی پوسٹ کے بعد میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا کے قانون کے مطابق شادی کو صرف اسی صورت میں تسلیم کیا جاتا ہے کہ جب جوڑے کی تقریب منعقد ہوئی ہو، لہٰذا گلوکار لوئس اور خاتون مداح کے میرج سرٹیفکیٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی بینڈ 'ون ڈائریکشن' کے گروپ میں زین ملک، ہیری اسٹائلز، لیام پیئن، نائل ہوران اور لوئس ٹوملنسن شامل تھے لیکن اب یہ بینڈ ٹوٹ چکا ہے۔