الطاف حسین نے بڑی سے بڑی مشکل کو ثابت قدمی اور ہمت کے ساتھ قبول کیا گورنرسندھ

کڑے وقت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار بھرپور تعاون اور یکجہتی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،عشرت العباد خان


ویب ڈیسک June 05, 2014
ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ اس آزمائش سے ہمیں اور الطاف حسین کو سرخرو کرےگا،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان،فوٹو:ایکسپریس نیوز

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نےکہا ہےکہ الطاف حسین کے معاملے پر وفاقی حکومت برطانوی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی قوانین کےتحت تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ اس آزمائش سے ہمیں اور الطاف حسین کو سرخرو کرے گا۔


گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے نمائش چورنگی پہنچے جہاں انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ایم کیوایم الطاف حسین کے معاملے پر وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کررہی ہے اوراس سلسلے میں بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کڑے وقت میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایم کیوایم کے ساتھ بھرپور تعاون اور یکجہتی کا اظہار کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سابق صدر آصف زردری بھی ہم سے مستقل رابطے میں ہیں اور مکمل تعاون کررہے ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں اور سیاسی شخصیات نے بھی الطاف حسین اور ہم سب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس کڑے وقت میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔


گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے زندگی میں ہر بار ثابت قدم رہ کر عملی جدوجہد کا درس دیا اور اس موقع پر کارکنان جس طرح ثابت قدم رہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،الطاف حسین سے یہ عوام کا یہ رشتہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کے دلوں میں محبت ہے اور یہ الطاف حسین کے لیے سب سے بڑی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے بڑی سے بڑی مشکل کو ثابت قدمی اور ہمت کے ساتھ قبول کیا جبکہ اس کڑے وقت میں بھی ہم سب ساتھ ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں کیونکہ الطاف حسین کے ساتھ جو ہماری محبتیں ہیں وہ قائم رہیں گی۔


ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے لیے اپنے بچوں کو چھوڑ کر دھرنے کے شرکا جس طرح اپنی چاہت کا اظہار کررہے ہیں اس پر امن احتجاج کودیکھ کر دنیا بھی حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور الطاف حسین کو اس آزمائش میں سرخرو کرےگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |