مشہور ٹک ٹاکر کی امیزون پر فولڈیبل گھر خریدنے کی ویڈیو وائرل
گھر میں ابھی بھی بجلی اور پلمبنگ کا کام کروانا باقی ہے، ٹک ٹاکر
حال ہی میں ایک ٹک ٹاکر نے اپنے نئے فولڈ ایبل گھر کی نمائش کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جسے اس نے آن لائن مارکیٹ پلیٹ فارم امیزون سے خریدا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ مشہور ٹک ٹاکر جیفری بریانٹ نے حالیہ ویڈیو میں اپنے نئے فولڈ ایبل گھر کو دکھایا ہے۔
اس گھر کی پیمائش 16.5 فٹ بائی 20 فٹ ہے اور اس کی قیمت 26,000 ڈالرز ہے۔ اس چھوٹے گھر میں باتھ روم، ٹوائلٹ، ایک کچن، ایک کمرہ، برآمدہ اور ایک بیڈروم ہے۔
جیفری نے گھر کی قیمت حال ہی وفات پانے والے اپنے دادا کی جائیداد سے ملنے والی رقم سے ادا کی ہے۔ ٹک ٹاکر نے ویڈیو میں بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے ایمیزون پر یہ گھر دیکھا، انہوں نے بنا کوئی دیر کیے فوراً خرید لیا۔
جیفری کا کہنا تھا کہ میں نے ایک یوٹیوبر کو امیزون کے اس گھر کو بڑے سے ڈبے سے نکالتے ہوئے دیکھا تھا۔ اس کے بعد میں اسے حاصل کرنے کے لیے ویب سائٹ پر فوراً گیا۔
انہوں نے یہ مزید کہا کہ گھر میں ابھی بھی بجلی اور پلمبنگ کا کام کروانا باقی ہے۔ علاوہ ازیں وہ اس گھر میں نہیں رہیں گے بلکہ اسے بے گھر لوگوں کیلئے وقف کردیں گے۔