ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی بحال

کراچی میں پٹرول پمپس اور کاروباری مراکز کھل گئے ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بحال ہو گئی ہے


ویب ڈیسک June 05, 2014
ایم کیو ایم کی اپیل پر حیدرآباد، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی معمولات زندگی بحال ہو گئی ہے۔ فوٹو؛ فائل

ایم کیو ایم کی جانب سے کاروبار زندگی بحال کرنے کی اپیل پر کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی 2 روز بعد بحال ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروبار زندگی معطل ہو گئی تھی لیکن گزشتہ روز تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے دھرنے میں شرکت کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کا آزمائش کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور انھیں کاروبار زندگی بحال کرنے کی اپیل بھی کی جس کے بعد آج شہر میں معمولات زندگی دوبارہ بحال ہو گئی ہے، پٹرول پمپس اور کاروباری مراکز کھل گئے ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بحال ہو گئی ہے لیکن تمام اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی عمل معطل ہے جس کے سبب آج ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کی اپیل پر حیدرآباد، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی معمولات زندگی بحال ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی جانب سے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں ان کی رہائش گھر سے گرفتاری کی خبر کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بند جب کہ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہ گئی تھی اور گزشتہ 2 روز سے بھی ایم کیو ایم کی اپیل پر شہر کے تمام کاروباری مراکز اور پٹرول پمپس بند جب کہ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں