کاروبار بند کرانے والے شرپسندوں سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیںفاروق ستار

کراچی امن پسندوں کا شہر ہے ہماری اپیل ہے کہ کاروبار کھول لیا جائے، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک June 05, 2014
الطاف حسین کی صحت کے بارے میں کارکنوں کو تشویش ہے،فاروق ستار فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں معمولات زندگی بحال ہوگئے لیکن کچھ علاقوں میں شر پسندوں نے دکانیں بند کرادیں ایم کیو ایم کا ان شر پسند عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہماری اپیل ہے کہ کاروبار کھول لیا جائے۔

کراچی میں دھرنے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اب بھی اسپتال میں زیرعلاج ہیں،ان کے مزید کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس آئندہ کچھ گھنٹوں میں آجائے گی،ان رپورٹس کی بنیاد پر ڈاکٹرز کسی فیصلے پر پہنچیں گے اور ہمارے وکلا قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ گزشتہ روز الطاف حسین نے اپنی بیٹی اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی جو کہ خوش آئند ہے اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں معاملات مزید بہتر ہوجائیں گے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں اور ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو الطاف حسین کی صحت اور زندگی کے بارے میں بہت پریشانی ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کی زندگی اور صحت کے بارے میں یقین دہانی نہیں مل جاتی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی دباؤ کے باعث اگر ان کی طبیعت مزید خراب ہوئی تو یہ تشویش ناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باوجود ایم کیو ایم نے کاروباری و ٹرانسپورٹ تنظیموں ، صنعتکاروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو کہا ہے کہ وہ شہر میں معمولات زندگی بحال کریں۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ لندن میں پیش آنے والے واقعے پرسیاسی جماعتوں کے رہنما ، علمائے کرام، کاروباری شخصیات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے جس طرح متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ کراچی میں گزشتہ 3 روز کے دوران جس طرح امن و امان کی صورت حال رہی اس نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ کراچی امن پسندوں کا شہر ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ سیاسی اور جمہوری ردعمل کی ہے جس طرح لوگوں نے تعاون کرتے ہوئے شرپسندوں کو ہماری محنت کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا وہ لائق تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کےکچھ علاقوں میں شر پسندوں نے دکانیں بند کرادیں، ایم کیو ایم کا ان شر پسند عناصر سے کوئی تعلق نہیں، ہم اپیل کرتے ہیں کہ کاروبار کھول لیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں