
اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ کے دوران ای ایم ایس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ سعد کا کہنا تھا کہ پہلے دن الیکشن کمیشن کو رزلٹ نہ ملے تو دوسرے دن آجائیں گے، اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کے دن لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور آج پریزائیڈنگ افسران کو ای ایم ایس میں لاگ ان کروا رہے ہیں، آر اوز، فیلڈ آفیسرز کو یہاں کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔
کرنل (ر) سعد نے کہا کہ تمام 859 آر اوز کی 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اگر انٹرنیٹ بند ہوتا ہے تو پریزائیڈنگ افسر کو نتائج بھیجنے میں مسئلہ ہوگا، انٹرنیٹ بند ہونے پر ریٹرننگ افسر کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ فارم 45 بروقت ریٹرننگ افسران تک پہنچیں، پریزائیڈنگ افسر اور ریٹرننگ افسر کے درمیان رابطہ انٹرنیٹ سے ہوگا اور آر او کو جب نتائج موصول ہوں گے تو وہ اسی وقت اعلان کردے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 فیصد ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے نتائج آنے میں تاخیر ہوسکتی ہے، پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان میں کمیونیکیشن کے مسائل ہیں، توقع ہے 60 سے 70 فیصد نتائج ای ایم ایس سے موصول ہوجائیں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔