پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار اپوزیشن میں بیٹھیں گے فیصل واؤڈا

وفاق میں پی ڈی ایم طرز کی حکومت بنے گی، یہ ن لیگ کا آخری اقتدار ہے، سابق وفاقی وزیر


ویب ڈیسک February 09, 2024
فوٹو فائل

سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے جبکہ وفاق میں پی ڈی ایم طرز کی حکومت بنے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ ' جو 95 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے اُن میں سے 30 تو ہمیشہ آزاد ہوتے ہیں، باقی آزاد حکومت کے ساتھ مل جائیں گے، جیتنے والے سارے آزاد امیدوار تحریک انصاف کے نہیں ہیں'۔

سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں آزاد امیدواروں کی جو تعداد ابھی 100 ںظر آہی ہے وہ 35 پر پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'آئندہ ڈیڑھ سے پونے دو سال بعد ایک جمہوری نظام آئے گا جس کے تحت میں ڈھائی سال سے پہلے ملک میں دوبارہ شفاف انتخابات ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف نے جو بویا وہ انہیں کاٹنا پڑا اب انہیں اپنی غلطیوں کا بھی احساس ہوجائے گا اور انہیں معلوم ہوجائے گا کہ یہ سب کس کے کہنے پر کیا تھا۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ 'یہ مسلم لیگ (ن) کا آخری اقتدار ہے'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔